پاکستان

ہنگو دھماکا: پولیٹیکل ایجنٹ سمیت تین اہلکار زخمی

دھماکے میں پولیٹیکل ایجنٹ ریاض محسود سمیت دو اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ زخمی ہوگئے۔

ہنگو: ہنگو میں پولیٹیکل ایجنٹ کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول دھماکے میں پولیٹیکل ایجنٹ سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

ٹھل پولیس کے اسٹیشن افسر فرید خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ دھماکے میں ریاض محسود سمیت تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیف ایڈمنسٹریٹر کرم ایجنسی ریاض محسود کا قافلہ پشاور جا رہا تھا کہ ہنگو میں ٹھل تحصیل کے توڑ غر کے مقام پر ریمورٹ کنٹرول دھماکے کے ذریعے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں ریاض محسود سمیت دو اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ زخمی ہوگئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ ٹھل منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

فرید خان نے مزید بتایا کہ پولیس اور فوج نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

سرچ آپریش کے دوران سیکورٹی فورسز نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی ہے اور چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔