پشاور: ویلنٹائن ڈے منانے پر دو طلباء تنظیموں میں جھڑپ
ڈنڈا بردارطلباء نے یونیورسٹی کے اندر تھوڑ پوڑ کی اور یونیورسٹی کے اندر 'نیوہاسٹل بی بلاک' میں چھ کمروں کو آگ لگادی۔
پشاور: پشاور یونیورسٹی میں ویلنٹائن ڈے منانے پر دو طلباء تنظیموں کے مابین جھڑپ کے نتیجے میں ایک طالب علم زخمی ہو گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق جمعہ کے روز پشاور یونیورسٹی میں طلباء تنظیمیں حیاء ڈے اور ویلنٹائن ڈے کے معاملے پر الجھ پڑیں۔
مشتعل طلباء نے یونیورسٹی کے اندر تھوڑ پوڑ کی اور یونیورسٹی کے اندر 'نیوہاسٹل بی بلاک' میں چھ کمروں کو آگ لگادی اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔
ہنگامہ آرائی میں ایک طالب علم زخمی ہو گیا۔ جسے خیبر ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسکی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کی ذمہ دار تنظیم کے پانچ طلباء کے خلاف 'کیمپس تھانہ' میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ جن کی گرفتاری کے لیے کاروائیاں شروع کر دی گئی ہے۔