وزیرِ اعلیٰ سندھ کی سربراہی میں امن و امان پر اہم اجلاس
کراچی: وزیر اعلٰی سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں کراچی آپریشن پر کوئی دباؤ قبول نہ کرنے اور پولیس کو مزید وسائل دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےسید قائم علی شاہ نے کہا کہ وہ عوام اور ایوان کے سامنے جوابدہ ہیں۔
کراچی آپریشن اور امن و امان پر ہونے والے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں سندھ پولیس اور رینجرز کے سربراہان شریک ہوئے۔ اجلاس میں کراچی آپریشن اور شہر میں امن و قانون کی مجموعی صورتحال پر غور کیا گیا ۔
اس اجلاس میں ایم کیو ایم کے کارکنان پر تشدد اور ہلاکتوں پر انکوائری کمیٹی کی رپورٹ وزیرِ اعلیٰ سندھ کو پیش کی گئی ۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا اور اس پر کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں پولیس کو بکتر بند گاڑیاں دینے اور دیگر جدید آلات فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ایک جانب تو پولیس کی کارکردگی کو سراہا تو دوسری جانب پولیس کو اپنی خامیاں دور کرنے کی بھی ہدایات دیں۔
اس کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ سکھر پہنچے سکھر ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک دو حادثات پر ایم کیو ایم غلط فہمی کی شکار ہے۔
آئی جی سندھ، شاہد ندیم بلوچ نے کہا کہ پانچ ماہ کے دوران کراچی شہر میں ٹارگٹ کلنگ 60 فیصد کم ہوئی ہے۔