پاکستان

پرویز خٹک کا پیسکو کے چیف کی تبدیلی کا مطالبہ

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی نے وزیر اعظم سے ملاقات میں پیسکو کے سربراہ کوتبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد: صوبے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلٰی پرویز خٹک نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے سربراہ طارق صدوزئی کوتبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق منگل کے روز پرویز خٹک نے اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے صوبے میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے اوراس پر صدوزئی کو موردالزام ٹہرایا گیا ہے۔

اس سے قبل اتوار کو خیبر پختونخواہ حکومت اور پیسکو کے درمیان تعلقات مزید تلخ ہو گئے تھے جب صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کمپنی کے سربراہ کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور ان پر مبینہ ڈسٹریبیوشن لائن سے براہ راست غیر قانونی کنکشن لینے کا الزام عائد کیا۔

پرویزخٹک نے پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیرعلی کے رویہ کی بھی شکایت کی۔

واضح رہے وفاقی حکومت نے خیبر پختنوخوا کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف پر بجلی چوروں کو تحفظ دینے اور تاوان کے لئے پیسکو کے عملے کو یرغمال بنا لینے کا الزام عائد کیا تھا۔

اس کے علاوہ ملاقات میں دہشت گردی سے متعلق معاملات اور کالعدم عسکریت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ مذاکرات کے حوالے اورعلاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔