ہندوستانی آرمی چیف کا بیان، پاکستانی فوج کی تردید
اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج کے سربراہ کا ایل او سی سے متعلق بیان بے بنیاد اور افسوسناک ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہندوستانی آرمی چیف کے لائن آف کنٹرول سے متعلق دیئے گئے بیان پر اپنے ردعمل میں پاکستانی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہندوستانی آرمی چیف کے اشتعال انگیز بیانات بے بنیاد اور قابل افسوس ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہندوستانی آرمی چیف کا بیان حقائق کے خلاف ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج ایل او سی پر جنگ بندی کے معاہدے کی پابندی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اووز کی ملاقات کے بعد ایل او سی پر صورتحال بہترہوئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستانی فوج کا یہ ردعمل ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب ہندوستانی آرمی چیف بکرم سنگھ نے پاکستان پر لائن آف کنٹرول پر دراندازی کا الزام عائد کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا 'اگر ہمارے پڑوسی قوانین کی پاسداری کریں گے تو ہم بھی ان کی پیروی کریں گے۔ اگر قوانین کو توڑا جائے گا تو ہم بھی چپ نہیں بیٹھیں گے، ہم بھی انہیں توڑیں گے۔'
تاہم اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی جی ایم اوز کے اجلاس کے بعد سیزفائر کی خلاف ورزی کے واقعات میں کمی ہوئی ہے۔