پاکستان

اسلام آباد: فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے دو رہنما ہلاک

سیکٹر آئی ایٹ میں نا معلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے مذہبی جماعت کے مفتی منیر، اور اسد محمود ہلاک ہو گئے، پولیس۔

اسلام آباد: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ایک مسلح حملے میں مذہبی جماعت کے دو رہنما ہلاک ہو گئے۔

مقامی پولیس اسٹیشن کے ڈیوٹی پر موجود ایک عہدیدار غضنفرنیاز احمد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دارالحکومت میں اہلسنت و الجماعت کے اسلام آباد میں سیکریٹری جنرل مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھی قاری اسد محمود کو رہائشی علاقے سیکٹر آئی ایٹ میں نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دو نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہلاک ہو گئے، فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

جائے وقوعہ پر موجود ایک پولیس افسر محمد نواز نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں کا تعلق اہلسنت و الجماعت سے تھا۔

اسلام آباد میں اہلسنت وا لجماعت کے ترجمان محمد طیب حیدری نے اے ایف پی کو اپنے ارکان کی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ' ایک ٹارگیٹڈ مسلح حملے میں ہمارے رہنما ہلاک ہو گئے'۔