پاکستان

جی ایس پی پلس درجہ ملنے سے برآمدات کو فروغ ملیگا، اسحاق ڈار

انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت کی بحالی کیلئے کچھ مشکل فیصلے لئے ہیں تاہم نتیجے آنا شروع ہوگئے ہیں، وفاقی وزیر خزانہ۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستانی برآمدات کو فروغ ملے گا جس کے نتیجہ میں ملکی معیشت ترقی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کی بحالی کیلئے کچھ مشکل فیصلے لئے ہیں،حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

وہ ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام تین روزہ کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کے مثبت اقدامات کے نتیجہ میں بجٹ خسارہ 2.2 فیصد تک کم ہوگیا ہے جو گذشتہ سال 2.9فیصد تھا، رواں مالی سال میں نومبر تک ٹیکس محصولات میں 17فیصد اضافہ ہوا ہے اور ایف بی آر نے اب تک 792 ارب روپے کے ٹیکس محصولات جمع کرلئے ہیں جو گذشتہ سال نومبر تک 679 ارب روپے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کیلئے 143ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے حوالے سے اعدادوشمار سہ ماہی بنیادوں پرجاری کئے جائیں گے تاکہ ملکی معیشت کی کارکردگی سے متعلق معلومات کو عام کیا جاسکے ۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ میں بتدریج استحکام آرہا ہے اور حکومت 2016 ء تک غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو20 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلئے پرعزم ہے ، حکومت مہنگائی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور افراط زر کو ایک ہندسے تک لانے کیلئے اقدامات کررہی ہے تاکہ عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ۔

انہوں نے کہا کہ سوشل سیفٹی نیٹ ورک کیلئے بھی فنڈزبڑھائے ہیں ، حکومت سماجی تحفظ کے دائرہ کار میں 55 لاکھ خاندانوں کو لارہی ہے ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایف سی نے 500ملین ڈالر کی ٹریڈ فنانسنگ فسیلٹی کا اعلان کیا ہے ، اسلامی ترقیاتی فنڈ سے 137ملین ڈالر زکی دوسری قسط موصول ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے تاکہ توانائی کے بحران پر قابو پا کر اقتصادی ترقی کی رفتار تیز کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام تیز کردیا گیا ہے اور توقع ہے کہ یہ 2016 ء میں مکمل ہوجائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت بین الاقوامی اداروں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کا پاکستانی معیشت پر اعتماد بحال ہوا ہے۔

پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس کا درجہ