دنیا

'مودی کی ریلی پر حملے میں انڈین مجاہدین ملوث ہیں'

سینئر پولیس افسر روندرا کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

پٹنہ: ہندوستانی پولیس نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے امیدوار نریندر مودی کی ریلی کے دوران بم دھماکوں میں 'انڈین مجاہدین' نامی گروپ ملوث ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ہونے والے واقعے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم مودی اس میں محفوظ رہے تھے۔

سینئر پولیس افسر روندرا کمار نے اے ایف پی کو بتایا کہ واقعے میں ملوث پانچ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ اس گروپ کو باضابطہ طور پر چارج کیا گیا ہے جو کہ حالیہ سالوں میں متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے۔

مودی ہندوستان کے ایک ممتاز سیاست دان ہیں تاہم گجرات فسادات کے میں ان کے مبینہ کردار کے باعث وہ مسلمانوں میں غیر مقبول ہیں۔

فسادات کے دوران 2000 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں سے زیادہ تر مسلمان تھے۔

27 اکتوبر کو مودی کی ریلی پر حملے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ درجنوں زخمی بھی ہوئے تھے۔ جلسے میں ہزاروں افراد شرکت کررہے تھے جبکہ ایک عسکریت پسند نے خود کو گرفتاری سے بچنے کے لیے دھماکہ خیز مواد سے اڑالیا تھا۔

کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی اور مودی آئندہ سال ہونے والے انتخابات سے قبل بڑے بڑے جلوس سے خطاب کرنے میں مصروف ہیں۔