کھیل

ملک اور رزاق دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ان فٹ قرار

پاکستانی آل راؤنڈرز عبدالرزاق اور شعیب ملک انجری کے باعث دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گئے ہیں، پی سی بی۔

لاہور: پاکستانی آل راؤنڈرز عبدالرزاق اور شعیب ملک انجری کے باعث دورہ جنوبی افریقہ سے باہر ہو گئے ہیں اور فوری طور پر وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ تور سلیکشن کمیٹی نے ٹیم اور جنوبی افریقہ کے ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

عبدالرزاق ایک دن قبل ٹریننگ کے دوران سنگین نوعیت کی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے جبکہ شعیب ملک سفری تھکاوٹ کے باعث انگلی کی انجری سے نجات حاصل نہیں کر سکے۔

تاحال ٹور سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دونوں کھلاڑیوں کے متبادل طلب نہیں کیے گئے۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچز پر مشتمل مختصر سیریز کا آغاز 20 نومبر سے ہو گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان حال ہی میں کھیلی گئی سیریز میں ملک اور رزاق کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے۔

جنوبی افریقہ نے ہندوستانی بورڈ سے اختلافات اور بعدازاں بی سی سی آئی کی جانب سے مجوزہ ٹور چھوٹا کیے جانے کے بعد بھاری مالی نقصان کے خدشے کے باعث پاکستان سے مختصر دورہ کرنے کی درخواست کی تھی جسے پی سی بی نے منظور کر لیا تھا۔