دنیا

فلپائن: طوفان سے 4460 افراد ہلاک ہوئے، اقوام متحدہ

تاہم قدرتی آفات سے نمٹنے والے سرکاری ادارے کے مطابق یہ تعداد 2360 ہے۔

منیلا: اقوام متحدہ نے مقامی حکام کے حوالے سے جمعے کے روز بتایا کہ فلپائن میں آنے والے طوفان میں کم از کم 4460 افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم ملک کے قدرتی آفات سے لڑنے والے ادارے کے مطابق ہلاکتیں اس سے کم ہوئی ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے ادارے او سی ایچ اے کے مطابق طوفان کا شکار بننے والے افراد کی تعداد 4460 ہے۔

تاہم قدرتی آفات سے نمٹنے والے ایک سرکاری ادارے کے مطابق 8 نومبر کو تباہی مچانے والے طوفان میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2360 ہے۔

او سی ایچ اے اعلامیے کے مطابق '13 نومبر تک حکومت کے مطابق 4460 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔'

او سی ایچ اے منیلا کے ترجمان ارلا فگن کے سے جب ان اعداد و شمار کا ذریعہ پوچھا گیا تو انہوں نے منیلا کی مقامی ٹاسک فورس کا حوالہ دیا جنہیں آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے قائم کیا ہے۔

تاہم قومی ادارے کے ترجمان نے ان اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تعداد 2360 بتائی۔

خیال رہے کہ صدر بینگنو ایکونو نے منگل کے روز کہا تھا کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد 2500 کے آس پاس ہوگی۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے جمعے کے روز طوفان ہیان منیلا سے 600 کلو میٹر دور وسطی جزیرے سمر کی ساحلی پٹی سے ٹکرایا تھا، جہاں پر چلنے والی ہواؤں کی رفتار 315 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔

متعدد ممالک نے سمندر طوفان سے متاثرہ فلپائن کی مدد کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

اس سلسلے میں آسٹریلیا نے تقریبا دس ملین ڈالر عطیہ کرنے کی حامی بھری تھی جبکہ اقوام متحدہ کے رہنما بان کی مون نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی کی ایجنسیاں ضرورت مند لوگوں کی معاونت کریں گی۔