حفیظ پر ہنسنے پر افسوس ہے، اسٹین
میرے خیال سے میں انہیں کئی مرتبہ آؤٹ کرچکا ہوں اور ایسا کرنے پر آپ کچھ احمقانہ حرکات کرجاتے ہیں، مایہ ناز فاسٹ باؤلر۔
دبئی: جنوبی افریقہ کے مایہ ناز تیز گیند باز ڈیل اسٹین نے پاکستانی کپتان محمد حفیظ کو پہلے ٹی ٹوئنٹی کے دوران آؤٹ کرنے کے بعد ہنسنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسٹین جنہوں نے جنوبی افریقہ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، نے کہا 'مجھے نہیں پتہ میں کیا کر رہا تھا۔ وہ حرکت تھوڑی احمقانہ تھی۔'
'میرے خیال سے میں انہیں کئی مرتبہ آؤٹ کرچکا ہوں اور ایسا کرنے پر آپ کچھ احمقانہ حرکات کرجاتے ہیں اور مجھے اس پر افسوس ہے لیکن میں اسی طرح کھیلتا ہوں اور مخالف ٹیم کی جانب سے اسی طرح کے رویے کو قبول کروں گا۔'
خیال رہے کہ اسٹین نے حفیظ کو سات ٹیسٹ میچوں کے دوران آٹھ مرتبہ آؤٹ کیا ہے جبکہ وہ انہیں ایک روزہ کرکٹ میں تین جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں ایک مرتبہ آؤٹ کرچکے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچ جمعے کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔