پاکستان میں کپاس کی ریکارڈ پیداوار
کراچی: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مالی سال دو ہزار گیارہ بارہ میں کپاس کی برآمدات پندرہ لاکھ گانٹھوں تک جاپہنچی ہے۔ کپاس کی اس ریکارڈ پیداوار سے پاکستان کو بیالیس کروڑ ڈالر سے زائد کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہواہے۔
پاکستان کاٹن جنرز اسوسی ایشن کے ممبر احسان الحق نے ڈان نیوز سے گفتگو میں کہا کہ مالی سال دو ہزار گیارہ اور بارہ، پاکستان کی کاٹن انڈسٹری کےلئے بہت اچھا رہا۔ پاکستان نے گزشتہ مالی سال میں برآمدات بڑھائیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کو بیالیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کی آمدنی حاصل ہوئی۔
اس کے علاوہ احسان الحق نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان نے چین اور بھارت سے زیادہ تر کپاس کی گانٹھیں درآمد کیں۔ کپاس کی قیمت میں بھی ڈیڑھ سو روپے فی من کا اضافہ ہوا، اور نئی قیمت چھ ہزار دو سو پچاس روپے فی من ہے۔