لشکری رئیسانی
پانچ جولائی، سن اُنیّسو پینسٹھ کو جنم لینے والے لشکری رئیسانی کا تعلق بلوچستان کے علاقے سراوان سے ہے۔
رئیسانی قبیلے سے تعلق رکھنے والے لشکری، بلوچستان کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور قبیلے کے سردار اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی ہیں۔
اس وقت پاکستان مسلم لیگ ۔ نون میں شامل اسلم رئیسانی گذشتہ انتخابات میں پی پی پی کے ٹکٹ پر بلوچستان اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
لشکری رئیسانی پی پی پی بلوچستان کے صدر بھی رہے۔ اس عہدے پر انہیں سن دو ہزار تین میں پارٹی چیئر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو نے نامزد کیا تھا۔
سن دو ہزار دس میں انہوں نے بلوچستان میں پارٹی عہدیداروں کے درمیان اختلافات کے سبب پی پی پی کی صوبائی صدارت سے استعفی دے دیا تھا۔
لشکری رئیسانی سینیٹ کے رکن بھی تھے لیکن سن دو ہزار بارہ میں پی پی پی کے ساتھ نو سالہ رفاقت ختم کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے سینیٹ رکنیت سےبھی استعفیٰ دے دیا تھا۔
پی پی پی چھوڑنے پر ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان میں امن و امان کی صورتِ حال بہتر بنانے میں ناکام ہوچکیں۔
علیحدگی کے لگ بھگ ایک سال بعد لشکری رئیسانی نے پی پی پی کی حریف جماعت پاکستان مسلم لیگ ۔ نون میں بائیس سیاست دانوں سمیت شمولیت اختیار کر لی۔
بعض تجزیہ نگاروں کی رائے ہے کہ بلوچستان کے ایک اہم قبیلے رئیسانی پر لشکری کی نہیں، ان کےبڑے بھائی اسلم کی گرفت ہے۔
اس لیے مسلم لیگ نون میں لشکری کی شمولیت محض علامتی ہے، لیکن یہ صورتِ حال تبدیل ہوسکتی ہے اگر اسلم رئیسانی اپنے چھوٹے بھائی کے قدم کی حمایت کا فیصلہ کرلیں تو۔
تحقیق و تحریر: عمران کاظمی
ترجمہ: مختار آزاد