• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

منصفینِ کرام

شائع April 11, 2013

السٹریشن -- خدا بخش ابڑو --.
السٹریشن -- خدا بخش ابڑو --.


is blog ko Hindi-Urdu mein sunne ke liye play ka button click karen [soundcloud url="http://api.soundcloud.com/tracks/87235449" params="" width=" 100%" height="166" iframe="true" /]


منصفینِ کرام کی یہ فوج جنہیں انتخابات کرانے کا اختیار ملنے کے بعد منصفِ اعلیٰ نے اپنے پیغام میں ضلع سطح کے منصفین کو اپنا چہرہ قرار دیا تھا۔ نا صرف اپنا چہرہ دکھایا ہے بلکہ یہ بھی عیاں کر ڈالا ہے کہ وہ مملکتِ خدادادِ پاکستان کوجیسا انصاف مہیا کر رہے تھے، ویسا ہی فیئر اور فری الیکشن بھی کرواکے ہی دم لینگے۔

ہمارے فخرو بھائی کے تو وہم و گمان میں بھی نہیں ہوگا کہ چیف صاحب اور اس کے ضلعی منصفین کی یہ فوج ظفر موج کتنی’آگے‘جاچکی ہے۔ اور یہ چہرہ جو پچھلے ہفتے میں ان کے ساتھ ساتھ آپ نے اور ہم نے بھی دیکھا ہے۔ اسے اتنی آسانی سے نظر انداز کرنا تو بہت مشکل ہی لگ رہا ہے۔

ہم ویسے تو آئینہ دیکھنے سے کتراتے ہیں اور پوری کوشش کرتے ہیں کہ اسے نظر انداز کردیں اور بغیر دیکھے ہی نکل لیں۔ لیکن یہ چہرہ اب آپ کا اور بھی جگہ منتظر ہے، کہاں کہاں آنکھیں چرائینگے؟ اب کی بار تو صرف آپ نے ضلعی سطح کے منصفین دیکھے ہیں جو بقول منصفِ اعلیٰ کے، عدلیہ کا اصلی چہرہ ہیں۔

باقی صحت، تعلیم، سیاست، فوج، سول سروس، سماجی کام، کاروبار، میڈیا اور شو بزنس کدھر کو جا رہا ہے اسے تو ہم ابھی بھی دیکھنے کے لیے تیار نہیں۔ یہ جو سوالات ان رٹرننگ افسروں نے اٹھائے ہیں، انہیں مذاق میں ٹالنے کی بجائے بہت سنجیدگی سے سوچنا پڑے گا کہ یہ سب کچھ کوئی اچانک نہیں ہورہا۔ بہت پہلے سے اور بہت تیزی سے ہو رہا ہے۔

ہم سب صرف ناک کی سیدھ میں دیکھ رہے ہیں۔ دائیں بائیں، آگے پیچھے دیکھنا شاید چھوڑدیا ہے۔ اور آئینہ، اسے دیکھنے سے تو ہماری جان نکلتی ہے۔ کب تک اس سےنظریں چرائینگے؟ کب تک اپنے دل کو جھوٹی تسلیاں دینگے؟ آپ کو اپنا بھی پتہ نہیں، ذرا آئینے کی طرف نگاہ تو کریں۔

دیکھیں تو چہرہ کیسا بدل گیا ہے۔ یہ جو تصویر چھپی ہے اسے غور سے دیکھیں یہ اپنےرٹرننگ افسر ہیں ساتھ میں جو مخاطب ہیں اور جن سے مخاطب ہیں سب ایک ہی ہیں اور یہ کٹہرے میں کھڑا کیمرہ، یہ تو لائیو جا رہا ہے حضور۔

اور جو یہ آج سوال پوچھ رہے ہیں، تیس سال پہلے ان ہی سوالوں کے جواب دے کر افسر بنے تھے، کہ اس وقت قابلیت کی بنیاد یہی ہوتی تھی۔ انٹرویو لینے والا آپ کے شعبے کے متعلق سوال نہیں کرتا تھا۔ آپ کی ذہانت اور علم نہیں آپ کی جاہلیت ہی آپ کو نوکری دلواسکتی تھی۔

السٹریشن — خدا بخش ابڑو –.
السٹریشن — خدا بخش ابڑو –.

اور اب تو یہ سب پوچھنے کی ضرورت ہی نہیں رہی۔ آپ کا چہرہ، آپ کی وضع قطع اور آپ کے ماتھے پر چمکتا تمغہ ہی آپ کی قابلیت ٹھہرتی ہے۔

پچھلے ایک ہفتے کی اُتھل پُتھل اور کیے گئے سوالوں نے اور بہت سارے سوال بھی کھڑے کردیے ہیں۔ جن کے جواب بھی ان ہی سوالوں کے پیچھے چھپے ہیں۔ جن کے لیے یا تو نقطے ملانے کی مشق کرنی پڑے گی یا پھر اسی آئینے سے رجوع کرنا پڑے گا کہ جس کی طرف ہم نے دیکھنا چھوڑدیا ہے۔ برٹش کونسل کا نوجوانوں سے کیا ہوا سروے ہو یا منصفینِ کرام کےسوالات، سب ہوا کا رخ بتانے کے لیے کافی ہیں۔اب یہ ہوا کا رخ منصفینِ کرام بدلینگے کہ میڈیا، جلد ہی معلوم ہوجائے گا۔

ویسے اپنا میڈیا فروغِ جہالت میں سب سے نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ نجانے ریٹنگ کے چکر میں یا پھر فروغِ جہالت کی بھی فنڈنگ ہو رہی ہے۔ ملک اور قوم کو پیچھے دھکیلنے میں پہلے ہی بہت زورآزمائی ہو رہی تھی ۔ لیکن میڈیا ہے کہ سب سے آگے رہنا چاہتا ہے۔ جو خبر نہیں اسے بڑی خبر اور بریکنگ نیوز کرکے پیش کیا جا رہا ہے اور جو خبر ہے اسے دبانے اور چھپانے میں لگے ہیں۔ کیمرہ اب کٹہرے میں کھڑا رپورٹ کر رہا ہے۔ منصفِ اعلیٰ جن کا میڈیا کے بغیر ایک پل بھی نہیں گذرتا تھا ۔ اب ان کے نائبین اور ضلعی سطح کے منصفین بھی بریکنگ نیوز بن گئے ہیں۔ اسے کہتے ہیں بڑے میاں تو بڑے میاں، چھوٹے میاں سبحان اللہ!

بس اللہ کی شان ہے! شوقِ انتخاب نے بڑے بڑوں کو رسوا کیا ہے، اب کی بار! کیا طنطنہ تھا ، دبدبہ تھا جو شوقِ انتخاب میں ملیا میٹ ہوگیا۔ یہ عوام کی نمائندگی کے شوق کو اتنا مہنگا کردیا گیاہے کہ اچھا خاصہ سمجھدار بھی آئندہ ایسا شوق پالنے سے پرہیز کرے گا۔ پہلےکچھ زیادہ عزت کمانی ہوتی تو افسر بننے کا سوچتے، پھرفوج کی باری آئی، اب تو جس کو دیکھو یا تو جج بننا چاہتا ہے یا پھر اینکرپرسن۔ ویسے بھی اینکر بھی آسان اردو میں جج ہی ہوتا ہے۔ وہ بھی روزانہ عدالت لگاتا ہے اور فیصلے دیتا ہے اور اگرچاہے تو بڑی عدالت کو بھی کٹہرے میں کھڑا کرسکتا ہے۔

السٹریشن — خدا بخش ابڑو –.
السٹریشن — خدا بخش ابڑو –.

اس لیے جو سب پہ بھاری تھا وہ اب بھاری نہیں رہا ۔ اب اگر بھاری ہے تو صرف اپنے چیف صاحب ہیں۔ ویسے تو تین ہی چیف ہیں ۔ بڑے والے تو ویسے بھی خاموشی پسند ہیں اور خاموشی سے ہی کام کرنا پسند کرتے ہیں۔ دوسرے اپنے اصلی تے وڈے چیف ہیں جن کا دائرہ اختیار بڑھتے بڑھتے اب اپنے تیسرے چیف ،جنہوں نے صرف فیئر اور فری الیکشن کروانے کی شرط پر چیف بنناقبول کیا تھا۔ان کے اختیارات تک بھی پہنچ گیا ہے اور پچھلے ہفتے کی بریکنگ نیوز اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ انہوں نے تو اپنے منصفینِ کرام سے کہہ بھی دیا ہے کہ لگے رہو منا بھائی!

فیئر اور فری الیکشن اب اصلی تے وڈے چیف کی ہی ذمیداری ہے اور آپ یقین رکھیں وہ کرواکر بھی چھوڑینگے۔ اور جن کو فیئر اورفری الیکشن کی شرط پر لایا گیا تھا ان کا اب صرف نام ہی کافی ہے ۔ باقی کام سر انجام دینے کے لیے منصفینِ کرام کی فوج ظفر موج توہے نا۔ آپ لوگ کیوں فکر کرتے ہیں! میڈیا تو کٹہرے میں کھڑا ہوکر بھی لائیو ٹیلیکاسٹ کر ہی رہا ہے ، باقی ضرورت پڑی تو فوج حاضر ہے۔ جو ہر برے وقت میں قوم کے کام آتی ہے۔سیلاب ہو زلزلہ ہو طوفان آندھی ہوکہ موسلادھار بارش۔

ویسے تو نگران حکومتیں بھی اسی لیے آئی ہیں کہ وہ فیئر اور فری الیکشن کے خواب کو تعبیر دیں۔ لیکن اپنے چیف صاحب کے ہوتے جب پانچ سال جمہوری حکومت نے گُھٹ گُھٹ کے سانس لیا تو یہ نگران بے چارے تو صرف نگران ہی ہیں۔ فیئر اور فری الیکشن بھی ضرور ہوگا اور ساتھ میں احتساب بھی لازم ہے۔ ابھی تو بڑے بڑوں کو جیل کی ہوا کھلانی ہے۔ ان کو اپنی اوقات میں بھی لانا ہے۔ کیا پتہ تھا کہ جوکل اپنے آپ کو مالکِ کُل سمجھ بیٹھے تھے اب وہ بھی عدالتوں کے چکر کاٹینگے اوررحم کی درخواست کرینگے۔ دیکھیے قسمت انسان کو کہاں سے کہاں لے آتی ہے۔

ویسے اپنی عدالتیں چلتی رہینگی، اعتراض در اعتراض داخل ہونگے۔ ایک فیصلہ آئے گا تو پھر ریویو پٹیشن داخل ہوگی۔ کیمرےاور میڈیا ، سب کا رخ عدالتوں کی طرف ہی رہے گا۔ فیصلے پھر بھی عدالتوں سے ہی آئینگے یا پھر چھوٹے موٹےفیصلوں کے لیے تو اپنےٹاک شوز بھی کافی ہیں۔ باقی رہا عوام جو ابھی تک اس گمان میں ہے کہ فیصلہ اسے دینا ہے ۔تو اس کے فیصلے دینے کی باری بھی آئے گی ،اگر اپنے اصلی تے وڈے چیف اور منصفینِ کرام چاہینگے تو۔


وژیول آرٹس میں مہارت رکھنے والے خدا بخش ابڑو بنیادی طور پر ایک سماجی کارکن ہیں۔ ان کے دلچسپی کے موضوعات انسانی حقوق سے لیکر آمرانہ حکومتوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔ وہ ڈان میں بطور الیسٹریٹر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

خدا بخش ابڑو
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024