ریتک بن گئے کارٹون اسٹار
بالی وڈ ہیرو ریتک روشن اب کارٹون اسٹار بن کر بچوں پر سحر طاری کریں گے۔
جی ہاں ریتک روشن کی مشہور زمانہ فلم 'کرش' کو اب کارٹون کی شکل میں ڈھالا جا رہا ہے اور یہ مقبول کردار اب کارٹونز کی دنیا میں بھی تہلکہ مچانے والا ہے۔
اس سلسلے میں اینیمیشن پروڈکشن ہاﺅس ٹونز کارٹون نیٹ ورک اور بالی وڈ ڈائریکٹر راکیشن روشن کے ادارے فلم کرافٹ پروڈکشن کی شراکت سے کرش کو اینیمیٹیڈ کارٹون فلم کی شکل دی جائے گی۔
کوئی مل گیا اور کرش کو بالی وڈ کی پہلی سپر ہیرو فلم سیریز مانا جاتا ہے اور رواں برس اس کا تیسرا حصہ کرش 3 ریلیز کیا جارہا ہے جس میں مرکزی کردار حسب معمول ریتک روشن نے ہی نبھایا ہے۔
کرش سیریز کی آئندہ دو برس کے دوران چار کارٹون فلمیں تیار کی جائیں گی جس میں سے پہلی فلم کڈ کرش رواں برس چودہ جولائی کو کارٹون نیٹ ورک پر نشر کی جائے گی۔
ٹونز اینیمیٹیڈ انڈیا کے چیف ایگزیکٹو پی جے کمار کا کہنا ہے کہ کرش سیریز کو دنیا بھر میں بچے پسند کریں گے اور ہم پرجوش ہیں کہ پہلی بار کوئی ہندی سپر ہیرو کارٹون نیٹ ورک پر جگہ بنانے والا ہے۔
راکیش روشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رواں سال دیوالی پر کرش 3 کی ریلیز کے موقع پر میں بچوں اور نئی نسل میں کرش کو متعارف کرانا چاہتا ہوں، جو کوئی مل گیا یا کرش کو دیکھنے سے محروم رہے۔