آفریدی جنوبی افریقہ کیخلاف نئی حکمت عملی اپنائیں گے
پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ایک روزہ میچوں میں نئے قوانین کے نفاذ کے بعد اسپنرز کے لیے باؤلنگ کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
آفریدی جنوبی افریقہ کے خلاف جاری سیریز میں اب تک کوئی وکٹ لینے میں ناکام رہے ہیں جبکہ پروٹیز کو سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل ہے۔
سیریز کا چوہتا میچ جمعرات کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔
ایک انٹرویو میں اسٹار آل راؤنڈر کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کے بعد تمام اسپن باؤلروں کو مشکلات درپیش ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دو نئی بالوں اور 30 میٹر سرکل سے صرف چار فیلڈروں کو باہر رکھنے سے متعلق قوانین نے باؤلروں کے کے لیے شدید مشکلات پیش کردی ہیں۔
پاکستانی اسپن باؤلر جنوبی افریقہ کے خلاف خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ جوہانسبرگ میں ہونے والے میچ میں میزبان ٹیم نے 343 کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کردیا تھا۔
سابق کپتان نے کہا "میں باؤلنگ کوچ کے ساتھ اس حوالے سے کام کررہا ہوں تاکہ نئے قوانین کے بعد نئے حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترا جائے جبکہ اس معاملے پر سعید اجمل کے ساتھ بھی بات چیت جاری ہے"۔
ان کے مطابق، نئے قوانین نے کپتانوں اور بلے بازوں کے نقطہ نظر کو تبدیل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے گزشتہ سال ان قوانین کو نافذ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے 348 وکٹیں بٹورنے والے آفریدی کا بلا کافی عرصے سے خاموش تھا تاہم اتوار کو ہونے والے میچ کے دوران انہوں نے 88 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر اپنی فارم دوبارہ حاصل کی۔
انہوں نے کہا 'ہر کسی پر برا وقت آتا ہے اور میں کافی عرصے سے آؤٹ آف فارم تھا"۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انہیں اب بھی اپنی باؤلنگ فارم کی تلاش ہے۔
انہوں نے جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ کے حوالے سے کہا کہ انہوں نے سیریز کے دورون اسپن باؤلنگ کو بہت اچھا کھیلا۔