افغان طالبان اور امریکہ میں مذاکرات جاری ہیں ، کرزئی
کابل: افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ قطر میں دوبارہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات ہورہے ہیں۔
ایک سال قبل طالبان کی جانب سے مذاکرات میں تعطل آگیا تھا ۔ واشنگٹن نے افغانستان میں آگے بڑھتے ہوئے مفاہمتی عمل پر ملے جُلے ردِ عمل کا اظہار کیا تھا۔
' طالبان کے سینیئر لیڈر اور امریکہ ایک خلیجی ملک میں روزانہ کی بنیاد پر مذاکرات کررہے ہیں، ' کرزئی نے یومِ خواتین پر منعقدہ ایک تقریب میں کہا۔
لیکن افغانستان میں طالبان ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ مذاکرات معطل ہونے کے بعد سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
' طالبان سختی سے کرزئی کا بیان مسترد کرتے ہیں، ' انہوں نے کہا ۔
واضح رہے کہ 2014 میں افغانستان سے امریکی و نیٹو افواج کے انخلا سے قبل طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب افغان حکام بھی براہِ راست طالبان سے مذاکرات نہیں کررہے ۔ واضح رہے کہ 2001 میں افغانستان میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد سے اب تک طالبان شدید مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں۔