شیوارزینگر باڈی بلڈنگ کی دنیا میں لوٹ آئے
لاس اینجلس: ہالی وڈ سٹار اور سیاستدان آرنلڈ شیوارزینگر باڈی بلڈنگ کی دنیا میں واپس آ رہے ہیں۔
پینسٹھ سالہ ایکشن فلموں کے ہیرو باڈی بلڈنگ سے جڑے دو ماہناموں 'فلیکس' اور 'مسل اینڈ فٹنس' کے گروپ ایگزیکیٹیو ایڈیٹر بننے جا رہے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق، وہ ان ماہوار جریدوں کے لیے باقاعدہ مضمون بھی تحریر کریں گے۔
پانچ مرتبہ مسٹر یونیورس کا خطاب جیتنے والے شیوارزینگر نے اپنا ہالی وڈ کیریئر کا آغاز بھی بطور باڈی بلڈر کیا تھا۔
دو ہزار تین میں امریکی ریاست کیلی فورنیا کا گورنر بننے سے پہلے وہ ان دونوں میگزین سے وابستہ رہ چکے ہیں۔
ٹرمینیٹر اسٹار نے ایک بیان میں باڈی بلڈنگ کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ دونوں میگزین باڈی بلڈنگ کے فروغ کے ساتھ ساتھ دوسروں کو صحت مندانہ طرز زندگی اپنانے کی حوصلہ افزائی کرتے رہیں گے۔
یاد رہے کہ ہالی وڈ اداکار 1968 میں اکیس سال کی عمر سے ان دونوں جریدوں کے ساتھ وابستہ رہے ہیں۔
شیوارزینگر اب تک ان دونوں ماہناموں کے سروق پر ساٹھ سے زائد مرتبہ جلوہ گر ہو چکے ہیں۔
جنوری 2011 میں گورنر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد سے شوانزنیگر دو فلموں 'دی لاسٹ سٹنڈ' اور ' دی ایکسپینڈیبلز ٹو' میں اداکاری کے علاوہ اپنی سوانح عمری بھی تحریر کر چکے ہیں۔