انٹیل سائنس فیئر: کامیاب پاکستانیوں کا اعلان کردیا گیا
اسلام آباد: انٹیل پاکستان نے انٹیل سائنس فئیر جیتنے والے طالبعلموں کا اعلان کردی گیا ہے۔
مقابلہ جیتنے والے فینکس ایریزونا امریکہ میں 12 سے 17 مئی تک منعقد ہونے والے انٹیل انٹرنیشنل سائنس اینڈ انجنئیرنگ فئیر 2013میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ بدھ کو اعلان کئے جانے والے ناموں میں انٹیل نیشنل سائنس فئیرگروپ پرا جیکٹ کے زمرے میں ماما پارسی گرلز سیکنڈری اسکول، کراچی کی فاطمہ معین ویرا، ہانیہ حسن، ام سلمیٰ ،شبیر گدری والا اور آغا خان ہائر سیکنڈری اسکول، گلگت کے قیصر علی شاہ،علی یزدان اور ساجد خان شامل ہیں۔
انفرادی کیٹگری میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول سنگھ پورا ، لاہورکی جویریہ نثار، ڈیفنس اتھارٹی شیخ خلیفہ بن زائد کالج کراچی کے حارث بن اشرف، پاک ترک انٹرنیشنل اسکولز اور کالجز کے عیسیٰ بن قاسم اور گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول اور ویہاڑی کے محمد احسن نواز شامل ہیں۔
نیشنل سائنس فئیر میں ملک بھر سے 80 سے زیادہ سائنسی پراجیکٹس رکھے گئے۔ ان پراجیکٹس کو پورے ملک سے تعلق رکھنے والے ایسے نوجوان سائنسدانوں نے تیار کیا تھا جو ضلعوں او ر صوبے کی سطح پر ہونے والے کڑے مقابلوں کو جیت کرمنتخب کئے گئے تھے ۔
نیشنل سائنس فیئر جیتنے والے اب انٹر نیشنل سائنس فئیرمیں حصہ لیں گے اور وہاں کے بین الاقوامی پلیٹ فارم پراپنی صلاحیتوں کے بل پر3 ملین ڈالر کے انعامات اور اسکالرشپ جیتنے کی کوشش کریں گے ۔
اس موقع پر انٹیل پاکستان کے کنٹری مینجر نوید سراج نے کہا کہ طلبا کی وہ بہت بڑی تعداد جنہوں نے نیشنل سائنس فئیر مقابلے کے لئے کوائلیفائی کیا اور یہ مقابلہ جیتنے والے طالبعلم جو فینکس میں منعقد ہونے والے انٹر نیشنل سائنس اینڈ انجنئیرنگ فئیر میں حصہ لیں گے اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان حیران کن صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کا ملک ہے۔