• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

برتری کا خبط

شائع January 8, 2013

السٹریشن --.
السٹریشن --.


is blog ko sunne ke liye play ka button click karen | اس مضمون کو سننے کے لئے پلے کا بٹن کلک کریں [soundcloud url="http://api.soundcloud.com/tracks/73730436" params="" width=" 100%" height="166" iframe="true" /]


آج کی دنیا میں درمیانہ طبقہ ہر معاشرہ کی ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے اور ہر قوم کے درمیانہ طبقہ کی کچھ منفرد خصوصیات ہوتی ہیں۔ ہمارا درمیانہ طبقہ بھی بعض خصوصیات کے اعتبار سے دنیا بھر میں نمایاں ہے، جن میں کچھ مزاحیہ اور باقی المناک کے زُمرہ میں آتی ہیں۔

فخر ہمارے درمیانے طبقے کا بنیادی رنگ ہے جس کے لیے ہم کارکردگی کا ہونا ضروری نہیں سمجھتے لہٰذا بعض اوقات ہم اس پر بھی دنیا سے داد وصول کرنا چاہتے ہیں کہ ہمارے ہاں چار موسم آتے ہیں، ایک جوشیلے نوجوان نے تو مجھے میری منفی سوچ پر شرمندہ کرتے ہوئے یہ قابل فخر بات بتائی کہ ہمارے وطن میں پہاڑ ہیں اور بارش بھی ہوتی ہے، جس سے ہرطرف اُڑتی ہوئی گرد بیٹھ جاتی ہے۔

یہ معصومیت اس تحریک کا ثمر ہے جس کا دعویٰ ہے کہ اسلام سے پہلے دنیا میں تاریکی ہی تاریکی تھی۔

فخر اور نرگسیت کے لیے کم علمی ایک ضروری شرط ہے، یوں کہا جاسکتا ہے کہ عالم کے لیے انکسار اتنا ہی فطری ہے جتنا بچے کے لیے فخر۔

ہماری نسلوں کو بے علم رکھنے کے لیے صدیوں سے ایک تحریک جاری ہے۔ برصغیر ہند میں جب مسلم بادشاہ اور ان کے رؤسا حکمران تھے تو ان کے غلبہ و اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے ضروری تھا کہ ایک ہجوم ان کی نگرانی کرے، ان کے لیے سینہ تان کر میدان میں اُترے، ان کی تلوار بنا رہے۔ ایسا جاں نثار ہجوم ہندو رعایا میں سے بھرتی کرنا ممکن نہ تھا اور صرف مسلم عوام ہی ان کے اقتدار کے محافظ ہوسکتے تھے لہٰذا انہیں طرح طرح کا فخر سکھایا گیا۔

مسلمان ہونے کا فخر، بہادری کا فخر، گردنیں کاٹنے کی فضیلت اور وافر قوتِ مردمی کا فخر۔ چنانچہ ہمارے تاریخی ادب میں اس طرح کے جملے کثرت سے ملتے ہیں؛ کشتوں کے پشتے لگادیے؛ کفار کو گاجر مولی کی طرح کاٹ ڈالا؛ شہر کی گلیاں بت پرستوں کی لاشوں سے بھر گئیں؛ اتنی بیویوں کا حق زوجیت عمدگی سے ادا کیا۔

دین کے فخر میں بھی صرف نعرے لگانے اور جذباتی ہونے کو فضیلت دی گئی، دین کے لیے صرف قرآن پڑھ لینے کو علم و فضل کی بنیاد قرار دے دیا گیا، چنانچہ مسلم حکمرانی کے آٹھ سو برس میں برصغیر میں عوام کی تعلیم کا کوئی نظام نہ بن سکا۔

علم کیا ہے؟ کن معاملات کا علم ضروری ہے؟ کیا زراعت، تجارت، حرفت، سماجی زندگی یعنی انسانوں کے پُرامن تعلقات، صحت عامہ اور ثقافت و تفریح، ایسے بیسیوں معاملات پر غوروفکر کی ضرورت ہے یا نہیں؟ اس پر مسلم ادوار میں نہ کبھی توجہ دی گئی، نہ کوئی پیش رفت ہوسکی۔

چنانچہ برصغیر جو اسلام کے ظہور سے پہلے علم ہندسہ، ریاضی، فسلفہ ویدانت، علم موسیقی اور فن سنگ تراشی کے لیے مشہور تھا، ہمارے مسلم بادشاہوں کے دور میں کسی بھی میدان میں آگے نہیں بڑھا۔

جنوبی ہند اور بنگال میں دستکاری کی جو روایت ہندوستان کا فخر بیان کی جاتی ہے اس میں مسلمانوں کی دلچسپی صرف ٹیکس وصول کرنے تک محدود تھی یا تجارت کے لیے۔ ہم بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ ہم نے ہندوستان میں عدل قائم کیا۔ لیکن سچ یہ ہے کہ اچھوت اچھوت رہے اور ستی کی رسم جاری رہی۔

جب انگریزوں نے مسلمان بادشاہوں کا اقتدار ختم کیا تو ہمارے دینی رہنماؤں نے اسے اسلام کا المیہ قرار دے کر مسلم عوام کو جدید علم و فکر سے ٹکرادیا۔ وہی خود پسندی اور تہذیبی نرگسیت جس نے صدیوں تک عام مسلمانوں کو عام ہندوؤں سے دور رکھا تھا، اب فرنگیوں کے کفری علوم سے دور رکھنے کے لیے ہتھیار بنائی گئی، جن لوگوں نے علومِ نو کی ضرورت پر زور دیا، کافر کہلائے اور اب تک کافر ہی کہلارہے ہیں۔

تحریک پاکستان کے رہنماؤں کا نظریہ جو بھی تھا، لیکن یہ واضح ہے کہ ہمارے رؤسا اور علمائے دین اس مشن پر متفق تھے کہ مسلم عوام کو علم و انکسار سے دور اور فخر پر قائم رکھا جائے۔ اس کے لیے دین اسلام کو ہتھیار بنانا فطری بھی تھا اور آسان بھی۔

پچھلے ساٹھ برس سے مسلسل بڑھتا ہوا دینی اُبھار اور مسلسل گہری ہوتی ہوئی خود پسندی ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔ ساری دنیا سے نفرت کرنے اور ٹکرانے کے لیے ایسی ہی خود پسندی ہٹلر نے جرمن قوم میں اُبھاری تھی اور جاپانی جرنیلوں نے جاپانیوں میں پیدا کی تھی۔

ان اقوام کی ایجادی اور تخلیقی صلاحیتوں کا اعتراف گرچہ ساری دنیا کو تھا اور ان دونوں ملکوں کے جرنیلوں اور رہنماؤں کا کردار ایسا مشکوک یا متنازع نہ تھا جیسا کہ ہمارے ہاں ہے۔ پھر بھی ان طاقتور قوموں کا جو انجام ہوا سب کے سامنے ہے۔

نجانے ہمارے فوجی لیڈروں، دینی عالموں اور وڈیروں نے مل کر ہماری نسلوں کو اسلامی فخر کے ذریعے جہالت کے اندھیرے میں کیوں دھکیلا ہے؟ ممکن ہے یہ سب نیک نیتی سے محض کم علمی کی وجہ سے کیا گیا ہو؛ لیکن جب اس کے نتیجہ میں خود کش بمبار اور طالبان پیدا ہوتے ہیں جو اپنی ہی قوم کی انتڑیاں اُدھیڑے ڈال رہے ہیں تو صاف نظر آتا ہے کہ دنیا سے نفرت اور علیحدگی کے جارحانہ رویوں کا اگلا فطری نتیجہ وہ تصادم ہے جس کا پھل بربادی اور انتشار کے سوا کچھ نہیں؛ ان خوفناک حالات میں اسی صدیوں پرانے طرزفکر پر ڈٹے رہنے کا سبب کچھ اور ہی نظر آتا ہے۔

دنیا بھر میں ایک بھی مسلم ملک ایسا نہیں جس نے ہماری اسلامی یا تصادمی سیاست کی حمایت کی ہو۔ دوسری طرف امریکا، یورپ، روس اور ہندوستان کی طرف سے متحدہ کارروائی کی باتیں سننے میں آرہی ہیں، جس پر چین کا ردّعمل غالباً خاموشی کے سوا کچھ نہ ہوگا۔

کہیں ایسا تو نہیں کہ ہمارے کچھ حلقے کسی کے اشارے پر ہماری افواج اور عوام کو ایک ناقابل بیان تباہی  کے لیے تیار کر رہے ہیں؟


mubarik-80

 پروفیسر مبارک حیدر پاکستان کے مایہ ناز دانشور ہیں. ان کی کتابیں "تہذیبی نرگسیت" اور "مبالغے، مغالطے" اردو نان-فکشن میں جدید فکر کی نئی شروعات سمجھی جاتی ہیں.

مبارک حیدر
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (9) بند ہیں

شیخ سرمد Jan 08, 2013 09:29am
بہت عمدہ تحریر ہے۔ مبارک حیدر کی تحریریں کڑوی گولیاں ہیں۔ جو ہمیں ناگوار گزریں گی اور ہماری نءی نسل کے لیے یہ کڑوی گولیاں نگلنا آسان نہیں ہوگا۔۔
jk67 Jan 08, 2013 10:06am
https://www.facebook.com/photo.php?fbid=409287959146241&set=a.409287925812911.95224.369385969803107&type=1&comment_id=1084437&ref=notif&notif_t=photo_comment_tagged&theater
Khan Jan 08, 2013 05:13pm
I read the article, the author presented a very negative image of Muslim emperors of India, he writes there was education in India before, Muslim emperors did nothing. While, before Muslim emperors in India, we know from history, justice system was not good and poors were like a slaves specially the lower cast of hindus. The author sounds biased and promotes negative picture of Muslim emperors and Muslim scientists.
انور امجد Jan 08, 2013 08:40pm
دہشت گردی کسی نہ کسی صورت میں ہمیشہ دنیا میں رہی ہے اور اس کو اسلام سے جوڑنا بالکل غلط ہے۔ اگر صرف پچھلی صدی کی بات کی جائے تو کتنی دھائیاں جب آپ پاکستان میں سکون سے بیٹھے تھے تو جنوبی امریکہ جل رہا تھا۔ وہاں تو اسلام کا تقریبا نام بھی نہ تھا۔ اس سے آگے آئیے تو اٹلی میں ریڈ بریگیڈ نے تباہی مچائی تھی۔ انہوں نے اپنے ملک کے وزیرعاظم ایلڈو مورو کو اغوا کر کے قتل کر دیا تھا۔ جاپان میں ریڈ آرمی اور پھر سری لنکا میں تامل ٹائگر وغیرہ۔ چند دہائی پہلے تک پاکستان میں کیا بلکہ کسی بھی مسلم ملک میں دہشت گردی کا نام و نشان نہ تھا۔ مسلمان ملکوں میں فساد پہلے فلستین سے شروع ہوا جس کی وجہ سب جانتے ہیں۔ اصلی دہشت گردی اس وقت شروع ہوئی جب سویٹ یونین کے خلاف ان ہی امن پسند ملکوں نے غیر اعلانیہ جنگ شروع کی اور مسلمانوں کو ایندھن بنایا گیا۔ اور آج اپنی لگائی ہوئی آگ کو اسلام کے سر تھوپ رہے ہیں۔ آپ نے ہندوستان کے مسلمان بادشاہوں کی بات کی ہے تو صرف یہ کہنا کافی ہے کہ اگر وہ اتنے ظالم اور جابر ہوتے تو اقلیت میں ہو کر بھی مسلمان ایک ہزار سال تک حکومت نہیں کر سکتے تھے۔ عاجزی کا جتنا زیادہ اسلام درس دیتا ہے شائد دوسرے مذہب نہیں دیتے۔ حدیث قدسی ہے کہ اللہ فرماتا ہے غرور میری چادر ہے اور بڑائی میری قباء اور جس نے مجھ سے یہ چھیننے کی کوشش کی اس کو سخت عذاب دوں گا۔ یہ سوچ کہ اسلام غرور سکھاتا ہے صرف ناسمجھی ہے۔ آخر میں ایک گستاخی کر رہاہوں کہ آپ ‘برتری کے خبط‘ پر لکھ رہے ہیں اور خود کو ‘پاکستان کے مایہ ناز دانشور‘ کہ کر اپنا تعرّف کراتے ہیں۔
sattar rind Jan 09, 2013 08:26am
It’s ok but Muslims are not in a position to understand it. They are not ready to think. Especially this century is century of irrationality for Muslims.
Khizr Kazmi Jan 09, 2013 08:44pm
Aik acha article, lekinn musannif ney aakhir mein conspiracy theory ka sahara ley kar maza kirkira kar diya.
Arshad Qureshi Jan 11, 2013 02:48am
I think writer must read history properly, before writing such a MASTER PIECE. This article is like personal thinking of any person, which are far away from history and truth.
نادیہ خانم Jan 11, 2013 02:37pm
سچ آکھیاں بھانبھڑ مچدا اے سو مبارک صاحب بھانبھڑ مچنے دیں‌. یہ پاکستانی سرکاری سکولی تاریخ پڑھنے والے لوگ ہیں. غصہ تو کریں گے مگر اس میں کچھ نہ کچھ لوگ تو ایسے بھی آیینگے جو اصل بات سمجھنا چاہتے ہیں.
برتری کا خبط -Siasi Tv Jul 27, 2013 11:09am
[…] ان خوفناک حالات میں اسی صدیوں پرانے طرزفکر پر ڈٹے رہنے کا سبب کچھ اور ہی نظر آتا ہے۔دنیا بھر میں ایک بھی مسلم ملک ایسا نہیں جس نے ہماری اسلامی یا تصادمی سیاست کی حمایت کی ہو۔ دوسری طرف امریکا، یورپ، روس اور ہندوستان کی طرف سے متحدہ کارروائی کی باتیں سننے میں آرہی ہیں، جس پر چین کا ردّعمل غالباً خاموشی کے سوا کچھ نہ ہوگا۔کہیں ایسا تو نہیں کہ ہمارے کچھ حلقے کسی کے اشارے پر ہماری افواج اور عوام کو ایک ناقابل بیان تباہی کے لیے تیار کر رہے ہیں؟ source: http://urdu.dawn.com/2013/01/08/our-…ty-complex-aq/ […]

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024