• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:51pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:06pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 4:43pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:51pm

دنیائے کرکٹ کا بے تاج بادشاہ: سچن رمیش ٹنڈولکر

شائع December 23, 2012

سچن ٹنڈولکر دو سو رنز کی تکمیل پر شائقین کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی۔۔۔

اتوار کو ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر نے ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں کئی عالمی ریکارڈز قائم کئے اور شاید ہی کوئی ایسا ریکارڈ ہو جو اس عظیم بلے باز کی دسترس سے باہر ہو۔

سچن رمیش ٹنڈولکر نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز 1989 میں کراچی کے مقام پر پاکستان کے خلاف میچ سے کیا اور 23 سال پر محیط کیریئر میں بلے بازی کے کئی ریکارڈز توڑے اور متعدد نئے ریکارڈز قائم کیے۔ ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری ہو یا پھر سنچریوں کی سنچری، لٹل ماسٹر بیٹنگ کے میدان میں ہر لحاظ سے مرد میدان رہے۔

انتالیس سالہ بلے باز نے 463 ون ڈے میچوں میں تقریباً 45 کی اوسط سے 18426 رنز اسکور کئے جس میں 49 سنچریاں اور 96 نصف سنچریاں شامل ہیں، ان کا اننگز کا بہترین اسکور 200 ناٹ آؤٹ ہے۔

انہیں ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز، سنچریاں اور نصف سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

سچن ٹنڈلکر سو سنچریوں کی تکمیل پر۔ فوٹو اے ایف پی۔۔۔

سچن ایک روزہ کرکٹ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے کرکٹ کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہونے کے ساتھ سب سے زیادہ ون ڈے میچز کھیلنے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں۔

شہرہ آفاق بلے باز کو ون ڈے انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ مین آف دی میچ اور مین آف دی ٹورنامنٹ ایوارڈ جیتنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ٹنڈولکر نے ایک روزہ میچز میں 62 بار مین آف دی میچ جبکہ 17 بار مین آف دی سیریز کا ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ انہوں نے ورلڈ کپ میں بھی سب سے زیادہ مین آف دی میچ کے ایوارڈ حاصل کیے۔

ٹنڈولکر نے ایک روزہ میچز میں بھی سب سے زیادہ چھ بار ایک کیلنڈر یئر کے دوران ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کر رکھا ہے، انہوں نے 1994، 1996، 1997، 1998، 2000 اور 2003 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

سچن نے 2011 سے قبل پانچ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں انڈیا کی نمائندگی کی تاہم کسی بھی ایونٹ میں بلو شرٹس ٹرافی اپنے نام نہ کر سکے تاہم 2011 میں دھونی کی زیر قیادت ان کا یہ خواب بھی پورا ہو گیا۔

دو ہزار گیارہ کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ساتھی کھلاڑی ٹنڈولکر کو کاندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی۔۔۔

سال 2011 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈین ٹیم نے سری لنکا کو فائنل میں شکست دے کر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور ٹنڈولکر نے بھی اس فتح میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کیا تھا، عظیم بلے باز نے سیمی فائنل میں پاکستان کیخلاف 86 رنز کی اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل تک رسائی دلائی تھی۔

عالمی شہرت یافتہ بلے باز ہندوستان کی کپتانی راس نہ آئی اور ان کے دور قیادت میں ہندوستان کو زیادہ تر ناکامی کا سامنا رہا، سچن نے 25 ٹیسٹ میچز میں ہندوستان کی کپتانی کی جن میں سے صرف چار میں کامیابی اور 9 میں بلو شرٹس کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جبکہ  12 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔

ٹنڈولکر کو 73 ایک روزہ میچز میں بھی قیادت کے فرائض انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے تاہم اس میں بھی وہ کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکے، ان کی کپتانی میں ہندوستان نے 23 میچز میں فتح اور 43 میں شکست سے دوچار ہوئی جبکہ دو میچز ٹائی ہوئے اور 6 بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔

بات کی جائے ٹیسٹ کرکٹ کی تو اس میں بھی کوئی بھی بیٹسمین اس ہندوستانی بلے باز کا ہمسر نہیں اور یہاں بھی انہوں نے کئی عالمی ریکارڈز اپنے نام کر رکھے ہیں۔

اب تک سب سے زیادہ 194 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے چکے ہیں جس میں انہوں نے 54.32 کی اوسط سے 15645 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 51 سنچریاں اور 66 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ وہ 15 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی ہیں۔

کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین بلے باز کو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ایک کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ یعنی چھ بار ایک ہزار یا اس سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

ٹنڈولکر نے یہ اعزاز سال 1997، 1999، 2001، 2002، 2008 اور 2010 میں حاصل کیے تھے۔

وہ ایک اننگز میں ڈیڑھ سو یا اس سے زیادہ رنز سب سے زیادہ بار بنانے والے کھلاڑی ہیں جبکہ وہ غیر ملکی زمین پر سب سے زیادہ رنز اور سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی ہیں۔

ٹنڈولکر نے غیر ملکی سرزمین پر 29 سنچریاں اور آٹھ ہزار سات سو پانچ رنز اسکور کیے ہیں۔

سچن ان کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کھیلنے والے ہر ملک کے خلاف سنچریاں اسکور کیں۔ سچن ٹنڈولکر کو ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر 100 سنچریاں سکور کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔

وہ دونوں طرز کی کرکٹ میں سو سنچریاں، 162 نصف سنچریاں اسکور کر چکے ہیں اور ان کا مجموعی اسکور 34071 ہے۔

یاد رہے کہ ٹنڈولکر کی ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے چند ہفتوں قبل ایک اور عظیم بلے باز اور کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان آسٹریلین کرکٹر رکی پونٹنگ نے بھی ہر طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

ویسے تو دنیا کا ہر کرکٹر ٹنڈولکر کی عظمت کا معترف ہے تاہم ٹنڈولکر کی تعریف کیلیے کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑی اور آسٹریلین لیجنڈری بلے باز سر ڈان بریڈ مین کے یہ الفاظ ہی کافی ہیں جو انہوںنے اپنی بیوی سے کہے تھے۔

انیس سو چھیانوے میں سر ڈان بریڈ مین اپنے ٹیلیویژن پر ورلڈ کپ کا میچ دیکھ رہے تھے اور یہ پہلا موقع تھا جب انہوںنے ٹنڈولکر کو کھیلتے ہوئے دیکھا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی بیوی کو کمرے بلایا اور ٹنڈولکر کی تکنیک اور بلے بازی کے اسٹائل کو دیکھتے ہوئے جو الفاظ کہے وہ خود ٹنڈولکر کیلیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

بریڈ مین نے کہا تھا کہ "میں نے آج تک خود کو کھیلتے ہوئے نہیں دیکھا تاہم مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ نوجوان بالکل اسی طرح کھیلتا ہے جیسے میں کھیلتا تھا"۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ٹنڈولکر آگے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں یا نہیں ،تاہم ابھی بھی ان کے ریکارڈ تقریباً ناقابل تسخیر ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

محمد بلال منظور Dec 23, 2012 04:55pm
ڈان نیوز کی سائٹ بہت اچھی سائٹ ہے ان کی خبریں اور تبصرے بہت اچھے ہوتے ہیں . اللہ پاک اسے مزید ترقی دے

کارٹون

کارٹون : 26 اپریل 2025
کارٹون : 25 اپریل 2025