قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری میں اضافہ
اسلام آباد: پاکستان میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آن لائن خریداری کا رجحان بڑھ گیا ہے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں لوگوں نے قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت شروع کردی ہے۔ کچھ بیوپاری ویب سائٹس کے ذریعے اپنے کاروبار کو بڑھا رہے ہیں۔
اے پی پی کے سروے کے مطابق آن لائن مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تصویریں اور وڈیوز دی گئی ہیں جس کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے جانور پسند کرنے میں آسانی بھی ہوتی ہے۔
ایک شہری علی طاہر نے بتایا کہ آن لائن خریدوفروخت کے ذریعے بہت زیادہ تعداد میں خریدار شہر میں اور شہر سے باہر بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔
اسلام آباد کے علاقے جی سکس کے رہائشی زاہد علی نے کہا کہ انہوں نے قربانی کے جانورآن لائن مویشی مارکیٹ سے خریدے۔
انہوں نے بتایا کہ جانور کے وزن کے مطابق قیمت وصول کی جاتی ہے جس پر وہ مطمئن ہیں۔
خیابان سرسید کے رہائشی آفتاب احمد نے کہا کہ خریدار اگرجانور دیکھنے کے بعد مطمئن نہ ہوتو وہ اپنی مرضی کا دوسرا جانور بھی لے سکتا ہے جس کی وجہ سے خریداروں نے آن لائن خریدوفروخت پر پسندیدگی کا اظہارکیا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں