واٹمور حکمت عملی میں تبدیلی چاہتے ہیں
کولمبو: ہندوستان کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں حکمت عملی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔
کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واٹمورکا کہنا تھا کہ کچھ چیزوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے جسے وہ کرکے دکھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی کارکردگی مناسب رہی ہے تاہم اس ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ تین ٹیمیں (آسٹریلیا، پاکستان، ہندوستان) سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتی ہیں جو شائقین اور منتظمین کے لیے تو اچھا ہے لیکن ان کے لیے نہیں۔
واضح رہے کہ اگر جنوبی افریقہ ہندوستان کو شکست دے دے تو آسٹریلیا سے ہارنے کے باوجود پاکستان بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرسکتا ہے ۔
دوسری جانب، آسٹریلوی کپتان جارج بیلی کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے اب تک اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اس میچ سے قبل پر اعتماد ہیں۔