شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں پانچ افراد ہلاک
میرانشاہ: شمالی وزیرستان میں افغان سرحد کے قریب قبائلی علاقے میں امریکی ڈرون حملے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔
یہ حملہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں ایک کمپاؤنڈ پر کیا گیا ہے جو القاعدہ اور طالبان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
حملے کےبعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت تباہ شدہ کمپاؤنڈ کے ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔
میرانشاہ کے سیکیورٹی آفیشل نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں دو میزائل فائر کیے گئے جس میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ کمپاؤنڈ میرانشاہ کے مشرق میں 40 کلومیٹر دور قادر خیل گاؤں میں واقع ہے جو شمالی وزیرستان کے قبائلی ضلعوں کا دارالحکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ طالبان اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کے تمام گروہوں کی پناہ گاہ ہے۔
پشاور کے ایک اور سیکیورٹی آفیشل نے حملوں میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ہفتے کوبھی امریکی ڈرون نے تحصیل دتہ خیل میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا تھا جس میں تین افراد مارے گئےتھے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ میر علی میں امریکی ڈرون طیاروں کی پروازیں بدستور جاری ہیں جس کے باعث اہل علاقہ میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں