صدر زرداری کی ہلیری کلنٹن سے ملاقات
نیویارک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے نیویارک میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات کی ہے اور انہیں توہین آمیز فلم پر پاکستان کے سرکاری موقف اور پاکستانی قوم کے جذبات سے آگاہ کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 67ویں اجلاس سے قبل نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے ہلیری کلنٹن کو آگاہ کیا کہ توہین آمیز فلم کیخلاف پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے ڈرون حملوں، عسکری تعاون اور دو طرفہ تعلقات خصوصی طور پر افغانستان میں امن وامان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر ہلیری نے صدر پاکستان سے پاکستان کیلیے امریکا کے نئے سفیر رچرڈ اولسون کی بھی ملاقات کرائی۔
نیویارک کے ایک ہوٹل میں ہونے والی ملاقات میں ہلیری نے کہا کہ ہم توہین رسالت کے حوالے سے ہوانے والے احتجاج پر پاکستانی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ ہم سب کیلیے ایک کڑا وقت ہے۔
یاد رہے کہ امریکا میں بنائی جانے والی توہین آمیز فلم کیخلاف پاکستان اور دیگر مسلمان ممالک سمیت دنیا بھر شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔
جمعہ کو پاکستان میں ہونے والے احتجاجی ریلیوں میں شرکاء کو امریکی سفارتخانے جانے سے روکنے کے دوران 21 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
ملاقات میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، واشنگٹن میں پاکستان کی سفیر شیری رحمٰن، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اسفند یار ولی نے بھی شرکت کی۔
صدر زرداری کل اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں توہین آمیز فلم کا مسئلہ اٹھائیں گے اور اجلاس میں شریک ایک سو بیس ممالک کے رہنماؤں، نمائندوں اور وفود کو توہین رسالت کیخلاف قانون بنانے اور اسے جرم قراردینے کیلیے قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔