آفریدی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فیصلہ کن کردار ادا کرینگے، حفیظ
کولمبو: پاکستانی کپتان محمد حفیظ نے امید ظاہر کی ہے کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی بروقت انجری سے نجات پاکر اپنے ٹیم کو ایک اور ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
امید ظاہر کی جارہی ہے کہ شاہد خان آفریدی 18 سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل انگوٹھے کی انجری سے صحتیاب ہو جائیں گے۔
بدھ کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ آفریدی ہمارے لیے بہت بڑے میچ ونر ہیں ہمیں پوری امید ہے کہ وہ ایک بار پھر ہمارے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستان کو ورلڈ کپ میں گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے جہاں وہ 23 ستمبر کو پالے کیلی میں نیوزی کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔ گروپ میں موجود تیسری ٹیم بنگلہ دیش ہے۔
حفیظ کو یقین ہے پاکستان 2009 ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں فتح جیسی کارکردگی دکھائے گا کیونکہ پاکستانی کھلاڑی سری لنکا کی پچز اور کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا اہم ہتھیار بولنگ ہے اور اس لحاظ سے پالے کیلی ہمارے لیے کافی موزوں رہے گا کیونکہ وہاں بولرز کو کافی مدد ملتی ہے۔ وہاں سے سیمرز کو بھی فائدہ نلے گا اور ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
پاکستانی قائد نے کہا کہ ہمارے پاس عمر گل، یاسر عرفات، محمد سمیع اور سہیل تنویر کی صورت میں ایک اچھا بولنگ یونٹ موجود ہے خصوصاً سہیل تنویر جن کا بولنگ ایکشن سمجھنا بیٹسمینوں کے لیے کافی مشکل ہوتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں اسی لیے سرلنکن پریمیئر لیگ کھیلنے کی اجازت دی تھی تاکہ کھلاڑی وہاں کی کنڈیشنز خصوصاً پالے کیلی اور کولمبو کی کنڈیشن سے ہم آہنگ ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سابق پاکستانی لیجنڈ جاوید میانداد کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری سے ٹیم کو بہت فائدہ پہنچے گا۔