امیتابھ بچن پاکستانی بنیں گے
کراچی : امیتابھ بچن ایک نئی فلم میں پاکستانی کا رول ادا کریں گے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، بگ بی نے اس فلم کے لئے نہ صرف ہاں میں سر ہلایا ہے بلکہ زبانی طور پر بھی اس فلم میں کردار ادا کرنے پر
آمادگی ظاہر کی ہے ۔
بالی ووڈ کے مشہور ساؤنڈ ڈیزائنر ریسول پوکٹی کی بطور ہدایت کار یہ پہلی فلم ہوگی۔ رسول پوکٹی اس سے پہلے را ۔ون اور سلم ڈاگ ملینیئر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواچکے ہیں جس پر انہیں آسکر ایوارڈ دیا گیا تھا۔
تاحال اس بے نام پروجیکٹ کا اسکرپٹ بھی امیتابھ بچن کو پیش کردیا گیا ہے ۔
رابطہ کرنے پر پوکٹی نے محتاط انداز میں بتایا کہ وہ امیتابھ بچن کے پاس اس فلم پر بات کرنے کے لئے گئے تھے جسے وہ ڈائریکٹ کرنا چاہتے ہیں۔
یہ کردار دوسرے ملک کا ہے لیکن فلم غیر سیاسی ہے اور اس کا موضوع انسانیت ہے جو دونو ں ملکوں کے عوام کے دلوں کو چھولے گا۔
اس فلم میں ایک باپ اور اس کے بیٹے کو دکھایا گیا ہے اور پوری فلم ان دونو ں کے جذبات اور احساست کے گرد گھومتی ہے۔
پوکٹی کے مطابق کہانی اس کے ایک پرانے کلاس فیلو نے لکھی ہے اور اس کا خیال ایک نیوز چینل پر چلنے والی ایک خبر سے آیا ہے ۔
ریسول پوکٹی نے یہ بھی بتایاکہ اس فلم کا میوزک اے آر رحمان مرتب کریں گے۔
ناقدین کے مطابق امیتابھ نے اس فلم کی حامی تو بھرلی ہے لیکن وہ سات ستمبر سے کون بنے گا کروڑ پتی کے نئے پروگراموں میں مصروف ہوجائیں گے۔ بشکریہ ٹائمز آف انڈیا