ڈینگی: سول ہسپتال کراچی میں ہنگامی حالت نافذ
کراچی : کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں ڈینگی کے کیسز سامنے آنے کے بعد سول اسپتال کراچی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق، ڈینگی بخار سے بچنے کا واحد راستہ صرف احتیاط ہے ۔
سول ہپستال میں صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد کی جانب سے احکامات کے بعد ڈینگی کا خصوصی وارڈ بنایا گیا ہے، جس میں سندھ بھر سے اس مرض میں مبتلا ایک سو اکسٹھ مریض لائے جا چکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔
دوسری جانب ڈینگی سیل کے انچارج کا کہنا ہے کہ اس مرض سے بچنے کا واحد حل احتیاطی تدابیر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر میں پانی کے ٹینک اور دیگر کھلے پانی کو ڈھک کے رکھا جائے تو ڈینگی پھیلانے والے مچھر کی افزائش کو روکا جا سکتا ہے۔
کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں شہر کے تمام ایڈمنسٹریٹرز اور ڈی ایم سیز نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے شیئرز اور فنڈ ز نہ ملنے کی وجہ سے ڈیزل کی فراہمی معطل ہے اور گاڑیاں بھی خراب ہیں، جس کے باعث ڈینگی اسپرے نہیں کیا جا سکتا۔
اس سے قبل ڈان اخبار میں شائع شدہ ایک خبر کے مطابق عموماً مون سُون بارشوں کے بعدکراچی اور صوبے کے دیگر حصوں میں ڈینگی بخار کے کیسز نمودار ہونا شروع ہوتے ہیں ، تاہم ایڈس ایجپٹائی نامی مچھر کی مون سُون سے قبل ہی نسل خیزی ڈینگی بخار کے ان کیسز کی اہم وجہ ہے ۔ انفیکشس امراض کے ایک ماہر نے بتایا کہ اس بات کا بھی خطرہ موجود ہے کہ ڈینگی وائرس نے اپنی ساخت تبدیل کرلی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے نے سندھ بھر کے ہسپتالوں کے لئے لازم کردیا ہے کہ نہ صرف وہ ڈینگی واقعات سے مجاز اداروں کو مطلع کریں بلکہ ڈینگی سرویلنس سیل کو بھی اس سے آگاہ کریں۔