کراچی میں تین افراد ہلاک، ٹارگٹ کلر گرفتار
کراچی: مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں تین افراد جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار اور سابق یوسی ناظم سمیت دس افراد زخمی ہوگئے۔
بلدیہ ٹاؤن کے علاقے لاسی گوٹھ میں فائرنگ سے کالعدم جماعت کا کارکن ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
دوسری جانب پولیس نے سعیدآباد سے بارہ افراد کے قاتل کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیے۔
بلدیہ ٹاؤن میں ہی رانگڑ محلے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سابق یوسی ناظم ارشد قریشی اور ان کے دوست رفیق کو زخمی کر دیا جبکہ ایک لڑکی بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوئی۔
اس سے قبل ۔شیریں جناح کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا جبکہ لیاقت آباد میں جھگڑے کے دوران بغدے کے وار سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔
بھیم پورہ میں فائرنگ سے دو افراد، ماڑی پور روڈ میں تین جبکہ حسن اسکوائر کے قریب کمال الدین نامی شخص زخمی ہوگیا۔
عسکری پارک کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ذوالفقار کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
دوسری جانب سعید آباد پولیس نے بارہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم عابد شاہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور دو دستی بم برآمد کرلیے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم بھتہ خوری کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے۔