آرمسٹرانگ پر تاحیات پابندی
نیو یارک: نامور امریکی سائیکلسٹ لانس آرمسٹرانگ پر امریکا کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے تاحیات پابندی عائد کرتے ہوئے ٹور ڈی فرانس کے ریکارڈ سات ٹائیٹلز سمیت تمام اعزازات سے محروم کردیا ہے۔
یونائیٹڈ اسٹیٹ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ لانس لانس آرمسٹرانگ تاحیات پابندی عائد کردی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں اگست 1998 سے اب تک کے تمام ٹائٹلز سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔
لانس آرمسٹرانگ پر یہ پابندی ڈوپنگ تنازع میں اپنا دفاع نہ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد عائد کی گئی ہے۔ اس فیصلے سے عالمی شہرت یافتہ سائیکلسٹ کا چودہ سالہ کیریئر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
اس سے قبل ریکارڈ سات بار ٹور ڈی فرانس چیمپین لانس آرم اسٹرانگ نے ایک بیان میں واضح کیا تھا کہ وہ اپنے اوپر لگائے ڈوپنگ کے الزامات سے تنگ آگئے ہیں اور اب مزید پروفیشنل سائیکلنگ میں حصہ لینا نہیں چاہتے۔
ڈوپنگ کیخلاف کام کرنے والی عالمی تنظیم نے ان کو الزامات کا جواب دینے کیلیے جمعرات کی رات تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے ایک رکن نے آرم اسٹرانگ کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے فیصلے کو کھیل کیلیے ایک تکلیف دہ دن قرار دیا تھا۔
آرم اسٹرانگ کا شمار دنیا کے صف اول کے اسپورٹس اسٹارز میں ہوتا ہے اور وہ دنیا بھر میں مقبول ہیں، انہوں نے کینسر سے جنگ بھی جیتی اور انیس سو ننانوے سے دو ہزار پانچ تک ریکارڈ سات ٹور ڈی فرانس ٹائٹل اپنے نام کیے۔
انہوں نے کینسر میں مبتلا مریضوں کیلیے ایک فلاحی ادارہ بھی قائم کیا جس کو لیو اسٹرانگ کا نام دیا گیا۔