• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:42pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:49pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 5:05pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 4:42pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 4:49pm

لارڈز ٹیسٹ جنوبی افریقہ کے نام

شائع August 20, 2012

انگلینڈ کے خلاف فتح کے بعد جنوبی افریقی کپتان خوشی سے سرشار ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

لندن: جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں 51 رنز سے شکست دے کر ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز انگلینڈ نے اپنی اننگ سولہ رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کے لیے مزید تین سو بیس رنز درکا تھے۔

دن کے آغاز میں ہی انگلینڈ کو بڑا دھچکا لگا جب تجربہ کار ای این بیل صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 34 رنز تھا۔

اسکور میں ابھی گیارہ رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ ڈیبیو ٹنٹ جیمز ٹیلر وکٹوں کے درمیان آہستہ دوڑنے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے، ان کی اننگ بھی صرف چار رنز تک محدود رہی۔

اس نازک صورتحال میں جوناتھن ٹروٹ کو اپنے کیریئر کا تیسرا ٹیسٹ کھیلنے والے بیئراسٹو نے کریز پر جوائن کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے قیمتی 89 رنز کا اضافہ کیا اور لنچ تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔

لنچ کے بعد 134 کے مجموعے پر جارحانہ بیٹنگ کرنے والے بیئراسٹو عمران طاہر کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور سینتالیس گیندوں پر 54 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، اس اننگز کے دوران انہوں نے آٹھ بار گیند کو باؤنڈری کی سیر کرائی۔

اسکور 146 تک پہنچا تو تریسٹھ رنز بنانے والے ٹروٹ کو ڈیل اسٹین نے جیک کیلس کے خوبصورت کیچ کی مدد سے پویلین روانگی پر مجبور کردیا۔ ان کی اننگ 7 چوکوں سے مزین تھی۔

کریز پر نئے آنے والے کھلاڑی اسٹورٹ براڈ نے جیمز میٹ پرائر کے ساتھ مل کر ساتویں وکٹ کے لیے باون رنز جوڑے، براڈ 208 کے مجموعی اسکور پر سینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے دو چوکے جبکہ ایک گیند کو شائقین کے درمیان پہنچایا۔

اس موقع پر میدان میں آنے والے گریم سوان نے پرائر کے ساتھ مل کر انگلش بولر کی خوب دھنائی کی۔ دونوں نے صرف گیارہ اوورز میں اپنی ٹیم کے لیے 74 رنز بنائے۔

دو سو بیاسی کے مجموعے پر سوان اکتالیس رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے، انہوں اس اننگ کے دوران پانچ چوکے اور دو فلک بوس چھکے بھی جڑے۔

اس دوران میٹ پرائر دوسرے اینڈ پر ڈٹے رہے۔ اس دوران انہوں نے 107 گیندوں پر اپنے پچاس رنز مکمل کیے۔

جنوبی افریقہ کا نئی گیند لینا انگلینڈ کے لیے تباہ کن ثابت ہوا، ورنون فلینڈر نے نئی گیند سے دوسرے ہی اوور میں انگلینڈ کی میچ بچانے کی آخری امید پرائر کو اسمتھ کے ہاتھوں سلپ میں کیچ کرا کر انگلینڈ کی شکست کے اسباب مکمل کردیے۔

اس سے قبل پرائر خوش قسمت بھی ثابت ہوئے جب 67 کے انفرادی اسکور پر وہ مورکل کی گیند پر ڈومینی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تاہم ری پلے سے پتہ چلا کہ وہ نوبال تھی۔

اسی اوور کی اگلی گیند پر پر فلینڈر نے اسٹیفن فن کو صفر پر آئوٹ کر کے انگلینڈ کی شکست پر مہر ثبت کر دی۔

اس میچ میں جیت کے ساتھ پروٹیز نے ناصرف سیریز میں دو صفر سے کامیابی حاصل کی بلکہ ٹیسٹ کرکٹ کی ورلڈ رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

ورنون فلینڈر کو ان کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ہاشم آملا کو جنوبی افریقہ جبکہ میٹ پرائر کو انگلینڈ کی جانب سے سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 اپریل 2025
کارٹون : 22 اپریل 2025