لکشمن بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر
احمد آباد: مایہ ناز اور اسٹائلش بھارتی بلے باز وی وی ایس لکشمن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹارمنٹ کا اعلان کردیا۔
ہفتے کو حیدرآباد دکن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے انہوں نے ناصرف کرکٹ حلقوں بلکہ اپنے مداحوں کو بھی حیران اور افسردہ کردیا۔
اسٹائلش بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والی سیریز میں بھارتی ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے۔
بھارت کھلاڑی جو اس سال نومبر میں اڑتیس سال کے ہو جائیں گے نے کہا کہ میں فوری طور پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں اور میرے خیال سے یہ کرکٹ چھوڑنے کا بالکل صحیح وقت ہے۔
مستند بھارتی بلے باز کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کی فتح کو ذاتی مفادات پر ترجیح دی، میرے خیال میں نوجوان کھلاڑیوں کو ایک سخت سیزن سے پہلے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع دینے کا یہ بالکل صحیح موقع ہے۔
انہوں نے اپنے دوستوں، والدین اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے کیریئر میں ہمیشہ ان کا ساتھ دیا۔
یاد رہے کہ لکشمن نے یہ فیصلہ اس وقت کیا ہے جب انہیں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں خراب پرفارمنس کے باوجود نیوزی کیخلاف بھارتی سرزمین پر کھیلی جانے والے ٹیسٹ سیریز کیلیے ٹیم میں منتخب کرلیا گیا تھا۔
لیجنڈ بھارتی بلے باز انگلینڈ کیخلاف چار ٹیسٹ میں 182 رنز جبکہ آسٹریلیا کے خلاف صرف 155 رنز بنا سکے تھے اور دونوں ہی سیریز میں بھارت 0۔4 کی ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ونگی پوراپو وینکاٹا سائی لکشمن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1996 میں احمدآباد کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے ٹیسٹ میچ سے ملا۔
اس میچ کی دوسری اننگز میں لکشمن نے اکیاون رنز بنائے تھے اور بھارت نے میچ میں چونسٹھ رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
عظیم بلے باز نے پہلی سنچری سال دو ہزار میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کے مقام پر بنائی تھی جس میں انہوں نے 167 رنز کی دلکش اننگ کھیلی تھی۔
تاہم مایہ ناز بھارتی بلے باز کو اصل شہرت اپریل 2001 میں ایڈن گارڈن کلکتہ کے مقام پر کھیلے گئے ٹیسٹ میچ سے ملی تھی جس میں انہوں نے 281 رنز کی خوبصورت اننگ کھیلی جو اس وقت کسی بھی بھارتی کھلاڑی کی سب سے بڑی انفرادی اننگ بھی تھی۔
مذکورہ ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم فالو آن سے دوچار ہو کر 274 رنز کے خسارے کا شکار ہوگئی تھی تاہم دوسری اننگ میں لکشمن نے ڈریوڈ کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 376 رنز جوڑے تھے اورانڈین ٹیم کو 171 رنز کی فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔
ایڈن گارڈن میں کھیلی گئی اس اننگ کو وزڈن کی آل ٹائم گریٹ اننگز میں چھٹے نمبر پر چنا گیا تھا۔
بھارت یبلے باز کا ہورے کیریئر میں آسٹریلیا کے خلاف ریکارڈ انتہائی شاندار رہا جن کے خلاف بھارتی بیٹسمین نے 49.67 کی اوسط سے دو ڈبل سنچریوں کی مدد سے 2434 رنز بنائے۔
انہوں نے چار بار کی ورلڈ چیمپین سائیڈ کے خلاف ٹیسٹ میں چھ تھری فیگر اننگز جبکہ ون ڈے میں اپنی چھ سینچریز میں سے چار کینگروز کے خلاف اسکور کیں۔
لکشمن نے ایک سو چونتیس ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی اور چھیالیس رنز کی اوسط سے آٹھ ہزار سات سو اکیاسی رنز اسکور کیے۔
انہوں نے سولہ سالہ کیریئر میں دو ڈبل سنچریوں سمیت سترہ ٹیسٹ سنچریاں اسکور کیں اور کیرئیر کی بہترین اننگ آسٹریلیا کے خلاف 281 رنز تھے۔
ٹیس کرکٹ میں بقیہ ممالک میں سے چار ویسٹ انڈیز کے خلاف، دو سری لنکا، دو نیوزی لینڈ جبکہ ایک ایک سنچری پاکستان، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف اسکور کی۔
تجربہ کار کھلاڑیہ نے بھارت کی جاب سے چھیاسی ایک روزہ میچوں میں بھی حصہ لیا اور 30.76 اوسط سے دو ہزار تین سو اڑتیس رنز اسکور کیے جس میں چھ سنچریز بھی شامل تھیں۔ ان کی بہترین اننگ 131 رنز رہی۔
بھارت کے دورہ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ناکامیوں میں لکشمن کا بھی ہاتھ تھا اور وہ دونوں سیریز کے آٹھ ٹیسٹ میچز میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جس کے بعد انہوں نے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا۔