ایران:زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین سو ہوگئی
ایران میں گذشتہ روز آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے تین سو جبکہ زخمیوں کی تعداد پانچ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ایران کے شمال مغربی شہر تبریز میں آنے والے زلزلوں کی ریکٹر اسکیل پر شدت چھ اعشاریہ چار اور چھ اعشاریہ تین ریکارڈ کی گئی تھی۔ پہلا زلزلہ ایران کے شہر تبریز جبکہ دوسرا زلزلہ اھر قصبے کے قریب آیا۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور ہلاک ہونے والوں ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تقریباً چھتیس ہزار افراد کو پناہ فراہم کردی گئی ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سب سے زیادہ تباہی اور اموات تبریز شہر کے اطراف احر، ورزگان اور ہریس کے قریب دیہی علاقوں میں ہوئی ہیں۔
حکام کے مطابق زلزلے سے چار دیہات مکمل طور پر تباہ ہوگئے ہیں جبکہ ساٹھ دیہات میں ساٹھ سے ستّر فیصد تباہی ہوئی ہے۔ مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے ہلاکتوں کی درست تعداد میں تعین کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔