افغانستان: بم دھماکے سے آٹھ شہری ہلاک
کابل: افغانستان کے جنوب میں آج جمعے کے روز سڑک کنارے نصب ایک بم کے دھماکے سے آٹھ شہری ہلاک ہوگئے۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
پانچ خواتین، دو بچے اور ایک ضعیف آدمی اس وقت ہلاک ہوگیا، جب ان کی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرا گئی۔
شورش زدہ جنوبی صوبے زابل کے پولیس سربراہ غلام سخی روغلوانی نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعہ میں تین شہری زخمی ہوئے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ حملہ طالبان کی جانب سے کیا گیا۔
صوبے کے ڈپٹی گورنر محمّد جان رسول یار نےکہا کہ نشانہ بنے والے تمام افراد ایک ہی خاندان کے رکن تھے، جو دارالحکومت قلات کی جانب سفر کر رہے تھے۔
انہوں نے اس حملے کا الزام طالبان باغیوں پر عائد کیا جو 12 سالوں سے امریکی قیادت میں افغانستان میں موجود نیٹو افوج سے لڑ رہے ہیں۔
یاد رہے کہ طالبان گزشتہ کئی سالوں سے اپنی کارروائیوں میں سڑک کے کنارے بم اور خودکش حملوں کا استعمال کر رہے ہیں۔
ان حملوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت فوجی اہلکاروں اور عام شہریوں کی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں