• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

املتاس۔ امید کا پھول

شائع August 8, 2012

۔— تصویر بشکریہ مصنف

بہار کے اختتام اور برسات شروع ہونے سے پہلے کا موسم پودوں اور پھولوں کے لئے ظالم ہے۔ ابھی بہار کے ہنگامے سے دل بھرا ہی نہ تھا کہ گرمی نے وہ زور مارا کہ سب کو اپنی پڑ گئی اور سب لمبے دنوں کے لئے اپنے آپ کو تیار کرتے نظر آئے۔

لیکن اس مارا ماری میں بھی ایک دیوانہ امید کے پھول کھلاتا ہے اور ایسا انوکھا رنگ جماتا ہے کہ دیکھنے والے کا دل خوشی سے بھر جائے۔ اس ساحر کا نام ہے املتاس۔

املتاس نیپالی زبان کا لفظ ہے جو اب ھندی، اردو اور پنجابی میں بھی زیر استعمال ہے۔ یہ برصغیر کے طول و عرض میں قدرتی طور پر پایا جاتا ہے۔ اس کے بہت سے نام ہیں جو اس کے سراپے اور خواص کی بنا پر دئیے گئے ہیں، جیسے کہ سنسکرت میں ارگوادھا یعنی بیماریوں کو مارنے والااور راجا تارو یعنی شاہ اشجار۔

اس پیڑ کے عشق میں مبتلا ایک اور ملک تھائی لینڈ ہے جہاںاسے لاٹین والا درخت بھی کہتےہیں اوراسے قومی درخت کا درجہ دیا گیا ہے۔ کیرالہ نےبھی املتاس کے پھول کو ریاست کا نشان بنایا ہے۔

عام حالات میں اس کا قد پینتیس سے چالیس فٹ تک ہوتا ہے لیکن کبھی کبھی بہت موافق حالات کے زیراثر یہ ساٹھ فٹ تک بھی جا نکلتا ہے۔اس کی بڑھوتری بہت ہی تیز رفتار ہوتی ہے، ایک سال میں کوئی ڈیڑھ سے دو میٹر۔ دیکھتے ہی دیکھتے بڑھ جانے کا محاورہ لڑکیوں کے علاوہ شاید صرف املتاس کے لئے ہی موزوں ہے۔

املتاس کا مزاج بھی منفرد ہے۔ ذرا سی دیر کے لئے بے لباس ہوتا ہے مگر پھر بھی سدا بہار نہیں۔ خزاں میں اس کے پتے نہیں گرتے اور بہار میں نکلتےنہیں۔ یہ بہار کے آخر میں گرتے اور گرمی کے آنے پر نکلتے ہیں ۔پت جھڑنے کے چند ہی دنوں میں اس کا ٹنڈ منڈ درخت باریک باریک ،چھوٹی چھوٹی ڈالیوں سے بھر جاتا ہے۔

تب ان پر موتیوں کی سی ننھی ننھی کلیاں نمودار ہوتی ہیںاور پھر تو رنگوں کی وہ کاریگری ہوتی ہے کہ اپریل کے آخر سے اگست آجاتا ہے پر املتاس ہے کہ تھکنےکا نام ہی نہیں لیتا۔

پتوں کے بغیر املتاس پر پیلے پھولوں کا انبار ایک الگ ہی منظر ہے جو اور کسی کے بس کی بات نہیں۔انگورکے گچھوں سے مشابہ ڈالیوں پر پھول اس ترتیب سے جڑے ہوتے ہیں کہ پہلے پورے کھلے، پھر ادکھلے اور آخر میں کلیاں۔

اس طرح ہمیں پھول کے چھوٹے سے جیون کا سفر ایک ساتھ دیکھنے کو ملتا ہے۔تبھی مئی جون کی چلچلاتی دھوپ میں بھی املتاس کا نظارہ سب کچھ بھلا کر اپنی طرف کھینچتا ہے۔

ابتدا میں نئے پتوں کا رنگ گہرا عنابی ہوتا ہے جو پھر بہت ہی تازہ سبز رنگ میں بدل جاتا ہےاور وقت کے ساتھ ساتھ گہرا ہوتا جاتا ہے۔اس کی چھاؤں گہری اور گھنی ہوتی ہے۔املتاس پر جب نئے پتے ہوں تو اس کے نیچےچھن کر آنے والی دھوپ میں عجیب سی،پیا من کو بھا جانے والی ٹھنڈک ہوتی ہے۔ املتاس کی کاشت اور پرورش دونوں ہی اتنے آسان ہیں کہ شاید اس کے لئے درخت لگانے کا ارادہ ہونا ہی کافی ہے۔ زمین چاہے تیزابی ہو یا زیادہ نمکیات والی، سخت ہو یا بھر بھری اور ریتلی، یہ سبھی میں قدم جمانا جانتا ہے۔ ابتدائی دنوں کے بعد پیاس سے بھی لڑنا سیکھ لیتا ہے۔

سمندر کی نمکین ہواؤں کا مقابلہ بہت کم پیڑ کر پاتے ہیں مگر ساحلی شہروں کی شجرکاری کے لئے بھی یہ میدان مارلیتا ہے۔ انتہائی موزوں درخت ہے۔نرسری میں تیار کئے گئےکم از کم چھ ماہ کے پودے ہی لگانےچاہییں۔

نباتات کی دنیا کے تیسرے بڑے خاندان لیگیوم کا فرد ہونے کے ناطے ایک منفرد خوبی کا حامل ہوتا ہے جو ہوا میں موجود نائٹروجن گیس کو پودوں کے لئے قابل استعمال نائٹروجن کھاد این ایچ تھری  یا  این او تھری میں تبدیل کرنا ہے۔یہ کام اس کی جڑوں کا ہے جو جہاں پھیلیں وہاں کی زمین کے بھاگ جگا دیتی ہیں۔

املتاس کی لکڑی کا رنگ سرخی مائل بھورا ہوتا ہے۔ اس کے ریشے باریک اور باہم پیوست ہوتے ہیں لہذا اسے تعمیراتی اور فرنیچر سازی کے لئے موزوں خیال کیا جاتا ہے۔ اس پر پالش بھی عمدہ کی جاسکتی ہے۔ لکڑی کی مظبوطی کا ایک پیمانہ اس کے ایک کیوبک میٹر کا وزن بھی مانا جاتاہے جسے وڈ ڈینسیٹی کہتے ہیں ۔ املتاس اپنے ۹۶۰ کلوگرام وزن کے ساتھ اس معیار پر بھی پورا ہے۔

شیشم اس پیمانے پر ۷۷۰ کلوگرام کے ساتھ بہت پیچھے ہے۔ طب میں املتاس کااستعمال پاک و ہند کے طول و عرض میں صدیوں سےرائج ہے اور اس بے شمار امراض کی شفا کا جادو ہے۔ دنیا کے بہت سے جاگے ہوئے ممالک میں ان نسخاجات کی جدید علوم کی روشنی میں نہ صرف توثیق کی جارہی ہے بلکہ ان میں بہتری بھی لائی جا رہی ہے۔ہم بھی نجانے ایسی کتنی ہی ادویات استعمال کر رہے ہونگے جن میں وہ اجزا موجود ہونگے جو املتاس یا ہمارے دوسرےنباتاتی ورثےسے لئے گئے ہونگے؟ پر سانوں کی، اے گوریاں دا کم اے، او ہی کرن!

ماحول کو صاف کرنے کی منفرد صلاحیت ، تیز رفتاری سے ہر طرح کے موسمی حالات میں بڑھنا اورزمین کے اوپر اور نیچے بہت قیمتی بائیوماس اور لکڑی پیدا کرنا ایک درخت سے آپ اور کیا چاہتے ہیں؟ اگر پھر بھی ہم السٹونیا ، فائیکس بنجامانا اور کونوکارپس کا انتخاب کریں جن کا نا کوئی پھول ہے نہ پھل، نہ ان کی لکڑی کارآمد ہےنہ وہ ہمارے ماحولیاتی تنووع کا حصہ ہیں۔ تویہ کیا ہے ؟ نااہلی، بد دیانتی؟ اپنے وسیب سے لاعلمیت کی پھنے خانی؟ احساس کمتری یا پھر ےہ سب ہی؟

ترقی کی خواہش مند قومیں اپنے مسائل کے دیرپا اور مستقل حل قدرت کے  بے بہا خزانوں میں تلاش کرتی ہیں۔ لیکن اس کے لئے غور وفکرکرنے کے ساتھ ساتھ اپنا رشتہ قدرت سے جوڑنا پڑتا ہے۔

ہمارے ہاں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی نے کئی مسائل کو جنم دیا ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو تو سب پودے ہی آڑے ہاتھوں لیتے ہیں پر موٹر گاڑیوں کے دھوئیں میں موجود بھاری دھاتیں جیسے کہ لیڈ آکسائیڈ اور سلفر ڈائی آکسائیڈ وغیرہ  سب کے بس کی بات نہیں۔

ریاست ہائے متحدہ کی ایک ریاست ایریزونا کی یونیورسٹی میں کی گئی ایک ریسرچ نے یہ ظاہر کیا کہ املتاس ان سب خطرناک مرکبات سے فضا کو صاف کرتا ہے اور اس کی بڑھنے کی تیز رفتار شہروں پر سبز چھتری پھیلانے اور  فضائی آلودگی کو کم کرنے کا بہترین زریعہ ہے۔ مگر کیا پتہ ہم کب جاگیں؟ اور جاگیں گے بھی یا نہیں؟ ان کا جواب ڈھونڈنے املتاس تو چلنے سے رہا۔


سید قمر مہدی لاہور میں مقیم ماہرِ اشجار ہیں وہ پنجاب لوک سجاگ میں خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

سید قمر مہدی
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (13) بند ہیں

یمین الاسلام زبیری Aug 08, 2012 10:06pm
سید قمر صاحب ایک طرف تو یہ ظاہر ہو گیا ہے کہ آپ کی گرفت باغبانی کے موضوعات پر بڑی مضبوت ہے؛ دوسری طرف ان موضوعات کو اردو میں لکھنے پر آپ کو کامل عبور ہے. جب کوئی اچھی انگریزی بولتا ہے تو اس سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ نے انگریزی کہاں سے سیکھی. آج کل کا ماحول دیکھتے ہوئے میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ نے اردو کہاں سے سیکھی.
اجاز Aug 09, 2012 07:31am
قمر مہدی صاحب آپ کی گرفت باغبانی کے موضوعات پر بڑی مضبوط ہے؛ اردو میں لکھنے پر آپ کو عبور ہے
رینی ڈے Aug 09, 2012 07:37am
املتاس میں بیل کو سمجہتی تھی آج پتہ چلا یہ ایک درخت ھے:) بہت اچھی معلومات حاصل ہوئی یہ پڑھ کر.
قیصر نذیر خاور Aug 09, 2012 10:43am
مجھے لگتا ھے اس کی کوئی قسم یورپ میں ھوتی ھے. ایک زمانے میں ناروے جانے کا اتفاق ھوا تھا تو گرمسٹیڈ (Grimstad) میں ایسے بہت سے ذرا چھوٹے قد ( ھمارے ھاں اس کا قد زیادہ ھے) درخت دیکھے تھے. مجھے نباتات کا زدیاہ علم نہیں،آپ ھی کچھ روشنی ڈالیں.
قمر مہدی Aug 09, 2012 11:01am
اس معمولی کوشش کو سراہنے پر شکرگزار ہوں. پڑھنے کے شوق نے لکھنا سکھادیا!
قمر مہدی Aug 09, 2012 11:05am
نباتات کی دنیا بہت وسیع ہے. ابھی تک پورے طور پر شمار بھی نہیں کیا جاسکا. ہو سکتا ہے کوئی وہاں کی مقامی قسم ہو یہ بھی ہوسکتا ہے کہ املتاس کو ہی وہاں کے موسم کے مطابق ڈھالا گیا ہو.......وہ لوگ تحقیق کرتے ہیں اور علم بیں بڑی طاقت ہے
جنید راجن پور Aug 09, 2012 11:09am
بہت خوب!
ویر کسھمیری Aug 09, 2012 02:44pm
زبردست۔ بہت بہت نوازش۔ لکھنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ شکریہ
تبدیلی Aug 09, 2012 04:53pm
لاجواب تعارف!!! قمر مہدی صاحب بہت خوب لکھا! دعا ہے کہ آپ کے شجر دوست مضامین سے ہماری پوری قوم درختوں کے عشق میں مبتلا ہو جائے. مسکراتی زندگی کے لیے درخت لگائیں.
شہزاد بسرا Aug 09, 2012 07:24pm
قمر مہدی صاحب آپ کی درختوں اور اپنے کلچر سے محبت تو ہم جانتے ہی ہیں۔ اب یہ بھی اندازہ ہو گیا ہے کہ تجزیاتی مضامین میں بھی خوب ہیں۔
نبیل Aug 10, 2012 06:33am
ایک بہت اچھا درخت ہے، اور ایک بہت اچھا مضمون :-) درحقیقت ہم نے اس خوبصورت پیڑ کو فروغ دینے کے لئے کوئی خاطر خواہ کام نہیں کیا، ایک اور بات نیم اور گل موہر کے درختوں کے بارے میں بھی کچھ لکھے یہ مرے پسندیدہ مقامی درخت ہیں :-)
ازھر الحسن Aug 11, 2012 07:00am
قمر: آپ کی تحر یر پڑھ کر دل خوش ہو گیا. آمید ہے آپ اس کو جاری رکھیں گے
محمد صالح Aug 19, 2012 12:14am
میں اسلاماآباد میں جہاں رہتا ہوں وہاں املتاس کے پودے ٹریفک آ ئی لینڈ میں لگائے گئے ہیں۔ اپنے موسم میں جب یہ اپنے جوبن پر ہوتے ہٰیں تو۔۔۔۔۔۔۔ واہ واہ۔۔۔۔۔ میں اس کے بارے جاننا چاہتا تھا جو کافی حد تک آ کے مضمون سے مل گیا۔ کہتے ھیں اس کی پھلی کہ جلا کر اور پھر پیس کر شہد میں‌ملا کر کھانے سے پرانی کھانسی سے جان چھوٹ جاتی ہے۔۔۔۔۔ مضمون کا شکریہ۔۔۔۔۔ لیکھتے رہئے۔۔۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024