کراچی کو تجاوزات سے پاک کرنے کیلئے بڑے آپریشن کا فیصلہ، آج ضلع وسطی سے آغاز
کراچی میں تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کا اعلان کردیا گیا ہے جو آج سے شروع کیا جائے گا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پہلے مرحلے کا آغاز ضلع وسطی سے کیا جائے گا، جہاں مرکزی سڑکوں اور برساتی نالوں سے غیر قانونی ڈھانچے کو ہٹانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے ہیڈ آفس میں تجاوزات کے خلاف مہم کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی، ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم، کے ایم سی کے فنانشل ایڈوائزر گلزار ابڑو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے کی جا رہی ہے، اجلاس کے بعد کے ایم سی کی جانب سے جاری بیان میں میئر کراچی کے حوالے سے کہا گیا کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات پیدل چلنے والوں اور تاجروں کے لیے سنگین مسائل پیدا کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور برساتی نالوں پر غیر قانونی تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، عدالتی احکامات کی مکمل تعمیل کو یقینی بنایا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف غیر جانبدارانہ آپریشن جاری رہے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کو موثر اور جامع بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران ضلع وسطی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے اسٹریٹجک پلان مرتب کیا گیا، اور مہم کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میئر کراچی نے کہا کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں سڑکوں، برساتی نالوں اور قبرستانوں پر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ روزمرہ کی زندگی میں خلل ڈالنے اور عوامی سہولتوں کو متاثر کرنے کو برداشت نہیں کیا جاسکتا، ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت سے اس آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے جس سے غیر قانونی تعمیرات سے ریلیف ملے گا۔
میئر کراچی نے کہا کہ آپریشن صرف ضلع وسطی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اسے شہر کے دیگر حصوں تک بھی بڑھایا جائے گا، انہوں نے تاجروں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر اپنی دکانوں کے سامنے تجاوزات قائم کرنے سے گریز کریں اور تجاوزات کے خلاف مہم میں کے ایم سی اور شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی ترقی اور بہتری کے لیے صنعتکاروں، تاجروں اور عام شہریوں سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔