خیبر پختونخوا حکومت کا مخصوص اضلاع میں بھنگ کی کاشت کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ
خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے مخصوص اضلاع میں بھنگ کی کاشت کو قانونی حیثیت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو بھنگ کے باقاعدہ صنعتی اور طبی استعمال کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کے تحت صرف لائسنس یافتہ کاشتکاروں کو کاشت کی اجازت دی جائے گی اور سخت مانیٹرنگ فریم ورک قائم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر زراعت سجاد برکوال نے صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں بھنگ کی کاشت مخصوص علاقوں تک محدود رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کاشت کاری، پیداوار، نقل و حمل اور استعمال کے تمام پہلوؤں کی نگرانی کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی تشکیل دی جائے گی، اتھارٹی قانون کی تعمیل کو یقینی بنائے گی اور غلط استعمال کی روک تھام کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لائسنسنگ کے عمل کی نگرانی کے لیے ایک کثیر محکمانہ کمیٹی بھی قائم کی جائے گی، اس کمیٹی میں زراعت، صحت، ایکسائز اور انسداد منشیات کے محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے پہلے ہی اس نئی پالیسی کی حمایت کے لیے باضابطہ قواعد و ضوابط کی منظوری دے دی ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ بھنگ کی کاشت سے صوبے میں اناج کی پیداوار متاثر نہیں ہوگی، اور اس بات پر زور دیا کہ نئی پالیسی سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔