دوران انجری اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے پر توجہ مرکوز رکھی، صائم ایوب
پشاور زلمی کے اسٹار اوپنر صائم ایوب کا کہنا ہے کہ انجری کے دوران انہوں نے اپنے کھیل میں مزید بہتری لانے پر توجہ مرکوز رکھی جب کہ کم بیک میچ میں بہت پرجوش تھا۔
ڈان نیوز کے پروگرام ’ری پلے‘ میں میزبان عبدالغفار کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ انجری کے دوران اکیلے وقت گزارنا بہت مشکل ہوجاتا ہے لیکن میں نے اس کو منفی نہیں لیا کیوں کہ انجری ایسی چیز ہے جو بتاکر نہیں آتی لہذا میں نے اس وقت کو ضائع کرنے کے بجائے کچھ مثبت چیزیں کیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنی گیم سے متعلق کچھ سوچنے کا وقت ملا کہ میں اپنی بیٹنگ میں مزید کیسے بہتری لاسکتا ہوں، اسی طرح ری ہیب کے دوران آپ کو اپنے جسم کو مزید مضبوط کرنے کا بھی موقع ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے پہلے میچ میں نصف سینچری بنانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ ریلیف تو تب ملتا ہے جب ٹیم جیت رہی ہوتی ہے اور میں بہت وقت کے بعد کھیل رہا تھا تو اس لیے پرجوش بھی تھا اور میں ٹیم کو جتوانا بھی چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ نصف سینچریاں اور سینچریاں تو چلتی رہیں گی لیکن اصل مقصد ٹیم کو جتوانا ہوتا ہے اور اسی کے لیے کوشش کررہے ہوتے ہیں۔
پشاور زلمی کی مینجمنٹ پر بات کرتے ہوئے صائم ایوب کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ بہت تجربہ کار لوگ موجود ہیں جو ہر وقت ہمیں سپورٹ کررہے ہوتے ہیں اور ویسے بھی پشاور زلمی کا کلچر بہت اچھا ہوتا ہے۔
صائم ایوب کا مزید کہنا تھا کہ ہماری ٹیم ہر لحاظ سے بہترین ہے تاہم ابتدائی کچھ میچز میں کمبی نیشن بناتے ہوئے اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، البتہ پشاور زلمی میں کرکٹ کھیلنے کا بہت مزہ آتا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے میچ میں بھی ان پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بھی شکست کے بادل منڈلارہے ہیں۔