ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سے شکست دے دی
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر کے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 65 رنز سےہرادیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 192 رنز کا ہدف دیا تھا مگر ویسٹ انڈین ٹیم 126 رنز پر ہمت ہار گئی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈین ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا، ویسٹ انڈیز کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر اوپننگ بیٹر اور کپتان ہیلی متیھیوز کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، ہیلی میتھیوز کو پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ نے ویسٹ انڈیز کی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے اور رنز بنانے کا موقع نہیں دیا، 15 رنز کے مجموعی اسکور پر شیمائن کیمبل رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں، اور پھر وقفے وقفے سے ویسٹ انڈیز کی وکٹیں گرتی رہیں۔
زیڈا جیمز چار، شیمائن کیمبل14، جینیلا گلاسگو 18، چینیلے ہینری نے 14 رنز بنائے، شبیکا 21 رنز، اسٹیفنی ٹیلر 17 رنز ، عالیہ ایلینے نے 22 ، ایفی فیچر نے 2 رنز بنائے، ایشمینی صفر پر پویلین لوٹ گئیں جبکہ کرشمہ 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز 39.2 اوورز میں 126 رنز پر سمٹ گئی اور اسے 65 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے 3، رامین شمیم اور نشرح سندھو نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سعدیہ اقبال کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
قبل ازیں پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گل فیروز آؤٹ ہونے والی پہلی بیٹر تھیں جو محض 6 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈین کپتان ہیلی میتھیوز کا شکار بنیں، انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔
اوپنر بیٹر منیبہ علی کو فلیچر نے ایل بی ڈبلیو کیا، انہوں نے 33 رنز بنائے، 97 رنز کے مجموعی اسکور پر عالیہ ریاض رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں، انہوں نے 20 رنز اسکور کیے۔
آؤٹ ہونےو الی اگلی بیٹر عمیمہ سہیل تھیں جو 16 بنا کر فلیچر ہی کا شکار بنیں، 139 کے مجموعی اسکور پر سدرہ امین کو بولڈ کردیا، سدرہ نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 54 رنز اسکور کیے۔
کپتان فاطمہ ثنا نے 15 اور سدرہ نواز نے 23 رنز اسکور کیے، رامین شمیم 2، ڈیانا بیگ 9 رنز اسکور کرسکیں، سعدیہ اقبال صفر پر آؤٹ ہوئیں جبکہ نشرح سندھو 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
یوں پاکستانی ٹیم نے 49.5 اوورز میں 191 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا جس میں وائیڈ اور بائی کے 10 رنز بھی شامل تھے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہیلی میتھیوز، کرشمہ اور ایفی فلیچر نے 2، 2 جبکہ ایشمنی منیسر اور عالیہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سدرہ امین کو نصف سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، پاکستانی ٹیم اپنا اگلا میچ 17 اپریل کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔