بھارت سمیت دیگر ممالک سے کام کی پیش کش ہے، فیروز خان
مقبول اداکار فیروز خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے ڈراموں کی مقبولیت کے بعد دنیا بھر میں ان کی شہرت میں اضافہ ہوا اور انہیں بھارت سمیت دیگر ممالک سے بھی کام کی پیش کش ہے۔
فیروز خان نے برطانیہ میں مداحوں سے بات کرتے ہوئے اپنے ڈراموں اور مقبول کرداروں پر بھی بات کی اور یہ بھی بتایا کہ ان کے ڈرامے پاکستان سے باہر کتنے مقبول ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خدا اور محبت‘ ڈرامے نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی اور اس کے بعد وہ بھی غیر روایتی کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اب وہ عام روایتی ہیرو آنے کردار پسند نہیں کرتے۔
فیروز خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایک سال قبل لندن میں ہی ایک عالمی فلم کی شوٹنگ مکمل کی تھی، جس کے بعد انہیں دیگر عالمی منصوبوں میں بھی کام کرنے کی پیش کش ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ انہیں جہاں عالمی منصوبوں میں کام کرنے کی پیش کش ہے، وہیں انہیں بھارت سے بھی کام کرنے کی پیش کش ہے۔
فیروز خان نے امید ظاہر کی کہ انہیں جن غیر ملکی منصوبوں میں کام کرنے کی پیش کش ہے، ان کے مذاکرات کامیاب جائیں گے اور وہ پاکستان سے باہر بھی کام کرنے لگیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور اداکار انہوں نے ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے عوام کے درمیان پُل کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے اور وہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات کے ہی کام کرتے ہیں۔
اگرچہ فیروز خان نے دعویٰ کیا کہ انہیں بھارت کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی کام کی پیش کش ہے، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہیں بھارت سے کس طرح کی پیش کش ہے؟
فیروز خان نے دیگر ممالک سے ہونے والی پیش کش سے متعلق بھی کچھ نہیں بتایا۔
اداکار کی جانب سے غیر ملکی منصوبوں میں کام کی پیش کش کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور بعض صارفین نے ان کے دعووں پر ان کا مذاق بھی اڑایا اور دعویٰ کیا کہ وہ جھوٹے دعوے کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فیروز خان کی گزشتہ برس بھارتی اداکارہ کے ساتھ برطانیہ میں شوٹنگ کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔