• KHI: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • LHR: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • ISB: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • KHI: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • LHR: Maghrib 5:00am Isha 5:00am
  • ISB: Maghrib 5:00am Isha 5:00am

سیکیورٹی خدشات پر کوئٹہ جانے والی بولان میل کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا

شائع April 14, 2025
بولان میل جو شام 7 بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے روانہ ہوتی ہے، اب 4 گھنٹے قبل سہ پہر 3 بجے روانہ ہوا کرے گی —فوٹو: ڈان
بولان میل جو شام 7 بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے روانہ ہوتی ہے، اب 4 گھنٹے قبل سہ پہر 3 بجے روانہ ہوا کرے گی —فوٹو: ڈان

کوئٹہ جانے والی بولان میل (تھری یو پی) ٹرین کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر جیکب آباد ریلوے اسٹیشن پر روک دیا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین آدھی رات کے بعد کراچی سے جیکب آباد پہنچی تھی، جہاں متعلقہ حکام نے اسٹیشن ماسٹر کو آگاہ کیا کہ ٹرین کو اسٹیشن پر روک کر رکھیں اور سیکیورٹی کلیئرنس ملنے تک اسے کوئٹہ کی طرف جانے کی اجازت نہ دیں۔

’ڈان‘ سے بات کرتے ہوئے پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) عامر علی بلوچ نے کوئٹہ جانے والی بولان میل کے گھنٹوں طویل رکنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے لیا گیا تھا، کیونکہ رات کے وقت بلوچستان میں ٹرین آپریشن کی اجازت نہیں۔

کوئٹہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے ریلوے کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ٹرین میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سیکیورٹی کلیئرنس نہ ملنے پر ٹرین کا آگے کا سفر معطل کردیا گیا اور مسافروں کو سخت حفاظتی اقدامات کے تحت بسوں کے ذریعے کوئٹہ اور دیگر مقامات پر بھیجا گیا۔

یہ ٹرین جیکب آباد میں رات کے اوقات میں پہنچی اور اگر یہ اپنا سفر جاری رکھتی تو رات گئے سبی پہنچ جاتی، اس لیے ہم نے جیکب آباد میں ٹرین روک دی اور مسافروں کو صبح تک انتظار کرنے کو کہا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ مسافروں کو ریفنڈ دیا گیا جب کہ تقریباً 100 مسافروں نے ریلوے حکام سے متبادل ٹرانسپورٹ کا انتظام کرنے کے لیے کہا، انہیں بس کے ذریعے ان کی منزل پر بھیج دیا گیا۔

تاہم نقل و حمل کے انتظامات کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں، اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے انہیں اترنے کے لیے کہنے پر مسافروں نے جیکب آباد میں احتجاج کیا۔

مشتعل مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ نے ان سے کراچی سے کوئٹہ کا کرایہ وصول کیا تھا، لیکن سفر کے درمیان انہیں لاوارث چھوڑ دیا تھا۔

مسافروں نے اسے ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد سے کوئٹہ کا کرایہ ایک ہزار روپے سے زائد ہے، لیکن ریلوے انتظامیہ نے کچھ مسافروں کو صرف 200 روپے واپس کیے، جب کہ دیگر کو ادائیگی بالکل نہیں کی گئی۔

دریں اثنا بولان میل کے اوقات کار پر کل (منگل) سے نظر ثانی کی جائے گی، پاکستان ریلویز کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق تھری یو پی ٹرین جو عام طور پر شام 7 بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے روانہ ہوتی ہے، اب 4 گھنٹے قبل سہ پہر 3 بجے روانہ ہوگی۔

مسافروں، خاص طور پر جن کے پاس ایڈوانس بکنگ ہے، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس شیڈیول کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔

کارٹون

کارٹون : 25 اپریل 2025
کارٹون : 24 اپریل 2025