لاہور ہائیکورٹ نے اسحٰق ڈار کے بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرر کےخلاف اپیل مسترد کردی
لاہور ہائی کورٹ نے اسحٰق ڈار کے بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرر کے خلاف اپیل مسترد کر دی، عدالت نے اپیل پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے اسحٰق ڈار کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے سنگل بینچ کا درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا، سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل خاتون اشبا کامران نے دائر کر رکھی تھی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ آئین پاکستان میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی عہدہ نہیں ہے، وزیراعظم نے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو غیر آئینی طور پر ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیا ہے۔
درخواست گزار نے وکیل کے توسط سے دائر پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ اسحٰق ڈار کے تقرر کو کالعدم قرار دے، تاہم عدالت عالیہ پنجاب نے خاتون کی اپیل مسترد کرنے کا حکم سنا دیا۔
واضح رہے کہ اسحٰق ڈار بطور وزیر خارجہ بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ ان کے پاس ڈپٹی وزیراعظم کا عہدہ بھی ہے، ان سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے دور حکومت میں پرویز الہٰی کو نائب وزیراعظم کا عہدہ دیا گیا تھا۔