• KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • KHI: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am
  • ISB: Fajr 5:00am Sunrise 5:00am

امریکی حکومت کا پاکستانی طلبہ کیلئے سمسٹر ایکسچینج پروگرام 15 سال بعد ختم

شائع April 8, 2025
— فوٹو: سوشل میڈیا
— فوٹو: سوشل میڈیا

یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان (یو ایس ای ایف پی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج (گلوبل یوگراڈ) پاکستان پروگرام 15 سال بعد بند کر دیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق یو ایس ای ایف پی کے زیر انتظام سمسٹر ایکسچینج پروگرام کے ذریعے پاکستانی طالب علموں کو امریکی یونیورسٹی یا کالج میں ایک سمسٹر تعلیم (ڈگری کے بغیر) حاصل کرکے اپنی تعلیم کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کیا جاتا تھا۔

یو ایس ای ایف پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ’15 سال بعد گلوبل انڈر گریجویٹ ایکسچینج پروگرام برائے پاکستان کو ختم کردیا گیا‘۔

امریکی محکمہ خارجہ نے یو ایس ای ایف پی کو مطلع کیا کہ گلوبل یوگراڈ پاکستان پروگرام اب جاری نہیں رکھا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا ’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ خبر مایوس کن ہوسکتی ہے، خاص طور پر ان طلبہ کے لیے جنہوں نے رواں سال اس پروگرام کے لیے درخواست دی تھی اور وہ موقع کے منتظر تھے‘۔

مزید کہا گیا کہ اس پروگرام نے گزشتہ برسوں میں ہزاروں طلبہ کو ’ یادگار تجربات’ فراہم کیے جس سے تعلیمی ترقی، ثقافتی تبادلے اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ ملا ہے۔

گلوبل یو گراڈ پاکستان پروگرام امریکی حکومت کی مالی معاونت سے چلتا تھا جو 2010 میں شروع کیا گیا تھا اور اس پروگرام کا مقصد پاکستانی طلبہ کی کمیونٹی کی شمولیت کی صلاحیتوں اور قائدانہ صلاحیتوں کو بڑھانا تھا۔

یو ایس ای ایف پی دو قومی کمیشن ہے جو 1950 میں امریکا اور پاکستان کی حکومتوں نے قائم کیا تھا، اس کا مشن تعلیمی اور ثقافتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے پاکستان اور امریکا کے عوام کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔

یو ایس ای ایف پی نے بیان میں کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے شرکا اور کمیونٹیز پر پڑنے والے مثبت اثرات پر ’بے حد فخر‘ ہے۔

مزید کہا گیا ’ہم اس پروگرام میں پاکستانی طلبہ کی دلچسپی اور تعلیمی ترقی کے لیے ان کے عزم کو خلوص دل سے سراہتے ہیں، اب چونکہ یہ باب ختم ہونے جارہا ہے لہذا ہم طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ایکسچینج پروگرام اور اسکالرشپ کے دیگر مواقع تلاش کریں جو ان کی امنگوں سے مطابقت رکھتے ہوں۔

یاد رہے کہ یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بیرون ملک ترقیاتی اور امدادی پروگراموں کے بجٹ میں بڑے پیمانے پر کٹوتی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں 92 فیصد یا 54 ارب ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے دن ہی ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے تھے جس میں تمام امریکی غیر ملکی امداد کو 90 دن کے لیے منجمد کرنے کردیا گیا تھا۔

اس تعطل کا مقصد انتظامیہ کو غیر ملکی اخراجات کا جائزہ لینے کی اجازت دینا تھا تاکہ ٹرمپ کے ’امریکا فرسٹ‘ ایجنڈے سے مطابقت نہ رکھنے والے پروگراموں کو بند کردیا جائے۔

واضح رہے کہ آج امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’ایلین دشمن ایکٹ‘ کو فی الحال نافذ کرنے کی اجازت دی تھی جس سے امیگریشن حکام کو ملک بدری کے لیے ہنگامی اختیارات پر انحصار کرنے کا موقع ملے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پوسٹ میں عدالتی فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے لکھا ’امریکا میں انصاف کے لیے ایک عظیم دن‘ ہے، سپریم کورٹ نے ہمارے ملک میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھتے ہوئے ایک صدر کو اجازت دی ہے کہ وہ ہماری سرحدوں کو محفوظ بنانے اور ہمارے خاندانوں اور ہمارے ملک کی حفاظت کرنے کے قابل ہو۔

کارٹون

کارٹون : 28 اپریل 2025
کارٹون : 27 اپریل 2025