• KHI: Maghrib 6:59pm Isha 8:20pm
  • LHR: Maghrib 6:38pm Isha 8:05pm
  • ISB: Maghrib 6:46pm Isha 8:17pm
  • KHI: Maghrib 6:59pm Isha 8:20pm
  • LHR: Maghrib 6:38pm Isha 8:05pm
  • ISB: Maghrib 6:46pm Isha 8:17pm

برطانوی بحریہ نے سمندروں میں روسی سینسر پکڑ لیے، جوہری آبدوزوں کی جاسوسی کی کوشش کا انکشاف

شائع April 7, 2025
گلاسگو کے ایچ ایم نیول بیس میں موجود وینگارڈ کلاس آبدوز، جو برطانیہ کی جوہری وار ہیڈ لے جانے والی 4 آبدوزوں میں سے ایک ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
گلاسگو کے ایچ ایم نیول بیس میں موجود وینگارڈ کلاس آبدوز، جو برطانیہ کی جوہری وار ہیڈ لے جانے والی 4 آبدوزوں میں سے ایک ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق برطانوی فوج کو ملک بھر کے سمندروں میں روسی سینسر ملے ہیں جن کے بارے میں ان کا خیال ہے کہ وہ اس کی جوہری آبدوزوں کی جاسوسی کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق برطانوی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رائل نیوی کو سمندر کی تہہ پر نصب کچھ آلات ملے، جب کہ کئی ساحل پر بہہ گئے، فوج اور انٹیلی جنس کے سربراہوں کا ماننا ہے کہ انہیں برطانیہ کی 4 آبدوزوں کے بارے میں انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کے لیے نصب کیا گیا تھا جو جوہری میزائل لے کر جاتی ہیں۔

اس میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ بحر اوقیانوس میں جنگ جاری ہے، یہ بلی اور چوہے کا کھیل ہے جو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سے جاری ہے اور اب ایک بار پھر گرم ہو رہا ہے۔

اخبار کی 3 ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ اس نے بغیر پائلٹ والی روسی گاڑیوں کا سراغ لگایا جو ’گہرے سمندر میں مواصلاتی تاروں کے قریب چھپی ہوئی ہیں‘۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے پاس ’قابل اعتماد انٹیلی جنس‘ بھی موجود ہے کہ روسی اشرافیہ کی ملکیت والی سپر یاٹس کو زیر آب جاسوسی کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

فرانس کا انتباہ

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کے آبائی شہر میں روسی بیلسٹک میزائل حملے میں 9 بچوں کی ہلاکت کے بعد اتوار کے روز کہا کہ اگر روس نے امن سے انکار جاری رکھا تو ’سخت کارروائی‘ کی جائے گی۔

میکرون نے کہا کہ یوکرین میں امن کے حصول کے لیے امریکی اور یورپی کوششوں کے باوجود روس ’بچوں اور شہریوں کا قتل عام‘ جاری رکھے ہوئے ہے۔

فرانسیسی اور یوکرینی زبان میں ایمانوئل میکرون نے کہا کہ ’میری ہمدردیاں روس کی جانب سے کیے جانے والے خونریز حملوں کے متاثرہ بچوں اور تمام شہریوں کے ساتھ ہیں، جن میں 4 اپریل کو کریوی رگ بھی شامل ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہو جنگ بندی کی ضرورت ہے، اور اگر روس امن سے انکار کرنے کی کوشش جاری رکھتا ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

جمعہ کے روز یوکرین کے وسطی شہر کریوی رگ پر ایک میزائل حملے میں 9 بچوں سمیت 20 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

سب سے کم عمر متاثرہ 3 سال کا لڑکا تھا۔

ایمانوئل میکرون نے کہا کہ اگرچہ یوکرین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مکمل جنگ بندی کی تجویز کو قبول کر لیا ہے اور یورپی ممالک بھی امن کے حصول کے لیے کام کر رہے ہیں، لیکن ’روس نئی شدت کے ساتھ جنگ جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں عام شہریوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے‘۔

ولادیمیر زیلنسکی نے اتوار کے روز کہا تھا کہ روس کی جانب سے یوکرین پر ’بڑے‘ میزائل اور ڈرون حملے کے بعد ماسکو اپنی فضائی بمباری میں اضافہ کر رہا ہے جس میں 2 افراد ہلاک ہوئے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ روس پر دباؤ اب بھی ناکافی ہے۔

کیف پر حملے

یوکرین کے حکام نے اتوار کے روز کہا ہے کہ کیف پر روسی میزائل حملے میں ایک شخص ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی اضلاع میں نقصان اور آگ لگ گئی ہے۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں امریکا کی جانب سے روس اور یوکرین کے ساتھ جنگ بندی کے 2 معاہدوں پر بات چیت کے بعد میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے یہ پہلا بڑا حملہ تھا۔

پولینڈ میں ہائی الرٹ

پولینڈ کی سرحد سے متصل علاقوں سمیت فضائیہ کی جانب سے حملے کی وارننگ نے ہمسایہ نیٹو رکن ملک کو فضائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے طیاروں کی مدد کرنے پر مجبور کر دیا۔

پولینڈ میں 2022 میں یوکرین کے ایک میزائل کے حملے میں 2 افراد کی ہلاکت کے بعد سے پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والی اشیا کے لیے ہائی الرٹ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 اپریل 2025
کارٹون : 24 اپریل 2025