کراچی: عیسیٰ نگری میں کار کو ٹکر مارنے پر خاتون کی ٹریلر ڈرائیور پر فائرنگ، دونوں گرفتار
کراچی کے علاقے عیسیٰ نگری میں ٹریلر لگژری گاڑی سے ٹکرانے پر خاتون نے ٹریلر ڈرائیور پر گولیاں چلادیں، پولیس نے ٹریلر کے ڈائیور اور خاتون کو گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پولیس نے خاتون اور ٹریلر کے ڈرائیور کو پکڑ کر تھانے منتقل کر دیا ہے، مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، ایک ہی ایف آئی آر میں دونوں کو نامزد کردیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق خاتون اور ٹریلر کا ڈرائیور، دونوں غفلت اور لاپرواہی سے گاڑی چلا رہے تھے، ٹریلر نے آگے نکلنے کی کوشش کی تو کار کو سائیڈ لگ گئی، جس پر خاتون طیش میں آگئی اور پستول نکال لیا۔
مدعی پولیس افسر کے مطابق خاتون نے ہوائی فائرنگ شروع کردی، ہم نے ٹریلر ڈائیور کو پکڑا جس نے اپنا نام ظفر اقبال بتایا۔
مدعی کے مطابق ملزمہ علیشہ نے نائن ایم ایم پستول کا لائسنس بھی موقع پر پیش کردیا، خاتون کا عمل دفعہ 337 کی حد کو پہنچتا ہے، دونوں کی گاڑیاں ضبط کرکے خاتون کو وومن تھانے اور ڈرائیور کو پی آئی بی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والی کار سوار خاتون کا اسلحہ لائسنس ایکسپائر نکلا ہے، لائسنس خالد بن ولید روڈ پر واقع اسلحہ ڈیلر کے ذریعے جعفرآباد بلوچستان سے بنوایا گیا تھا جو آل پاکستان نہیں تھا، اسلحہ لائسنس کے اصل یا جعلی ہونے کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔