• KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:01pm
  • LHR: Maghrib 6:16pm Isha 7:37pm
  • ISB: Maghrib 6:22pm Isha 7:45pm
  • KHI: Maghrib 6:44pm Isha 8:01pm
  • LHR: Maghrib 6:16pm Isha 7:37pm
  • ISB: Maghrib 6:22pm Isha 7:45pm

یوکرین کے روس کے بمبار ایئربیس پر ڈرون حملے، 10 افراد زخمی

شائع March 20, 2025
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

یوکرین کی جانب سے روس کی فضائی حدود میں ڈرون حملے کیے گئے جس سے 10 روسی زخمی ہوگئے ہیں جب کہ روسی وزارت دفاع نے یوکرین کے 132 ڈرون گرانے کا دعویٰ کردیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یوکرین نے روس کے اہم اسٹرٹیجک بمبار ایئر فیلڈ کو ڈرونز سے نشانہ جس کے نتیجے میں ایک بڑا دھماکا ہوا اور جنگ کی فرنٹ لائن سے تقریبا 700 کلو میٹر (435 میل) دور آگ لگ گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے تصدیق کے بعد جاری کی گئی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فضائی اڈے سے ایک زوردار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں قریبی عمارتیں کو بھی نقصان پہنچا۔

روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ روسی علاقوں میں یوکرین کے 132 ڈرونز کو فضا میں تباہ کردیا جب کہ روسی حُکام نے یوکرینی ڈرون حملوں کے بعد علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی۔

دیگر مصدقہ ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ صبح سویرے آسمان میں دھوئیں کا ایک بڑا غبار اٹھ رہا ہے اور ساتھ ہی آگ بھڑک رہی ہے۔

خیال رہے کہ اینگلز ایئر بیس کا تعلق سوویت دور سے ہے اور اس میں روس کے جوہری صلاحیت کے حامل توپولیف ٹی یو-160 طیارے موجود ہیں جنہیں غیر سرکاری طور پر وائٹ سوان کے نام سے جانا جاتا ہے۔

روس کے شہر ساراتوف کے گورنر رومن بسرگن نے یوکرین کے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اینگلز شہر پر یوکرین کا ڈرون حملہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک ایئربیس میں آگ لگ گئی ۔

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کے حملے کے بعد قریبی رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

یوکرین کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یوکرینی فوج نے روس کے ایئر بیس کو نشانہ بنایا ہے جب کہ روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کرنے کے لیے ایگلز ایئربیس کا استعمال کیا جاتا تھا۔

دوسری جانب، مقامی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ کچھ مقامی رہائشیوں نے اپنے باغات میں یوکرینی ڈرون کے مختلف حصوں کو دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی روس اور یوکرین کے درمیان 175 جنگی قیدیوں کا تبادلہ ہوا تھا، روس اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلی فون پر رابطے کے بعد قیدیوں کے تبادلے کا اعلان ہوا جب کہ متحدہ عرب امارات نے روس اور یوکرین کے قیدیوں کے تبادلے میں ثالثی کردار ادا کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 مارچ 2025
کارٹون : 22 مارچ 2025