غزہ میں فلسطینی بچوں کے قتل پر جمائما نے دنیا کی خاموشی پر سوال اٹھادیا
اسرائیل نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں دوبارہ قتل وغارت گری شروع کر دی، جس پر جمائما گولڈ اسمتھ بھی چیخ پڑیں۔
ڈان نیوز کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے اسرائیلی جارحیت پر بین الاقوامی رہنماؤں کی خاموشی پر سوال اٹھادیا۔
جمائما نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بین الاقوامی رہنماؤں کا ضمیر جھنجھورٹے ہوئے لکھا کہ 7 اکتوبر 2023 کو ایک شیر خوار سمیت 36 اسرائیلی بچوں کے قتل پر فلمیں بنائی گئیں تاکہ اس واقعے کو کبھی بھلایا نا جاسکے، اور بین الاقوامی رہنماؤں نے شدید مذمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس 18 مارچ 2025 کو 130 فلسطینی بچوں کو سوتے میں قتل کیا تو تو اب دنیا خاموش ہے، یہاں تک کہ کچھ میل دور اخبارات میں ان بچوں کی تصاویر صفحہ اول کی زینت بھی نہیں بن سکیں، ایسا کیوں ہے؟
واضح رہے کہ اکتوبر 2023 میں فلسطین تنازع پر ہونے والی جھڑپوں پر پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دونوں اطراف کے معصوم انسانوں اور خصوصاً بچوں کے ساتھ ہمدری کا اظہار کیا تھا۔
9 اکتوبر کو جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ شئیر کی تھی، جس میں لکھا تھا کہ ’میں بین الاقوامی قانون اور انسان حقوق کے ساتھ کھڑی ہوں، سیاست میں کسی گروہ کے ساتھ حد سے زیادہ وفاداری انسانیت کو ختم کر سکتی ہے۔‘
اسی دوران فلم ساز جمائما نے فلسطینی اور اسرائیلی بچوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ میں اس کشیدگی میں دونوں طرف کے معصوم انسانوں اور خصوصاً بچوں کے ساتھ کھڑی ہوں۔
انہوں نے کشیدگی کے دوران دونوں طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی تھی۔