• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 5:02pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:32pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 4:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 5:02pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:32pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 4:37pm

کراچی: ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی، ماہ رمضان میں 6 افراد قتل

شائع March 19, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کراچی میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی جس کے بعد ماہ رمضان میں بے لگام ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں شہریوں کی اموات کاسلسلہ تھم نہ سکا اور ظالم ڈکیٹ ماہ مقدس میں بھی کسی کا گھر اجاڑنے سے باز نہ آئے۔

پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 6 میں میڈیکل اسٹور پر ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے میڈیکل اسٹور لوٹنے کی کوشش کی۔

پولیس نے بتایا کہ میڈیکل اسٹور پر موجود نوجوان نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے نوجوان جاں بحق ہوگیا جو اسٹور کا مالک اور والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ماسک لگائے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک شہری قتل ہوا تھا، کورنگی میں تاجر سے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے محافظ کی جان لے لی تھی، مقتول گھر کا واحد کفیل و شیرخوار بیٹی کا باپ تھا۔

بے لگام ڈاکو رمضان المبارک میں اب تک 6 شہریوں کی جان لے چکے ہیں، جب کہ رواں سال خاتون سمیت 2 شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیے جاچکے ہیں۔

رواں سال ہونے والے قتل

3 جنوری زمان ٹاؤن مدینہ کالونی میں ڈاکوؤں نے ساحل مسیح کی جان لی، 9 جنوری اسٹیل ٹاؤن میں کریانہ اسٹور مالک عارف کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا۔

15 جنوری کو کورنگی زمان ٹاؤن جنجال پورا گوٹھ میں جواں سال مظفراقبال کی جان لے لی گئی، 22 جنوری کو سکھن پاکستان مشین ٹول فیکڑی کے قریب ڈاکوؤں نے چھریوں کے وار کرکے قائم دین نامی شہری کی جان لے لی۔

25 جنوری کو جوہرآباد ایف بی ایریا بلاک پندرہ میں گھر کی دہلیز پر ڈاکوؤں نے سر پر گولی مار کر عبدالمعیز کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔

اگلے ماہ ڈاکو مزید متحرک ہوئے اور یکم فروری کو کورنگی مہران ٹاؤن میں پرجون شاپ مالک امیر خان کی جان لے لی جب کہ اسی روز سرجانی ٹاؤن گلشن نور میں ڈاکوؤں نے ارشد حسین کو قتل کیا۔

4 فروری کو سولجر بازار گارڈن جماعت خانہ کے قریب طاہر بزنجو کو موت کی نیند سلادیا جب کہ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے مارا گیا۔

اسی روز موچکو مشرف کالونی کے گھر میں طلائی زیورات چھیننے کے دوران مزاحمت پر نوبیاہتا عائشہ نامی خاتون کو گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا۔

7 فروری کو کورنگی وائی ایریا میں سعید اللہ کی جان لے لی، فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو عوام نے دبوچ لیا جب کہ 11 فروری کو سائٹ سپر ہائی وے جمالی پل کلہاڑی چوک کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی گولی لگنے سے طارق نامی شہری جان سے گیا۔

12 فروری کو لانڈھی بابر مارکیٹ کے قریب نوجوان عبداللہ ڈاکوؤں کے ہاتھوں زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا، 18 فروری کو ڈیفینس کے نجی گیسٹ ہاؤس میں راولپنڈی کے نوجوان مصطفی کو لوٹ مار کرکے قتل کردیا گیا۔

19 فروری کو اتحاد ٹاؤن میں محمد عمر کو موت دیدی گئی، 27 فروری کو منظور کالونی میں پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کے دوران فائرنگ سے ریحان زندگی کی بازی ہار گیا۔

2 مارچ کو سچل غازی گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیٹے کے کریانہ اسٹور پر بیٹھا خان محمد زندگی گنواں بیٹھا، 4 مارچ کو شاہ لطیف قائدآباد پل کے نیچے ڈاکوؤں نے روزے دارعمران کی جان لے لی۔

5 مارچ کو شاہ لطیف ٹاؤن مرغی خانہ پل کے نیچے ڈاکوؤں نے بابر خان سواتی کی جان لے لی جب کہ ایک ڈاکو اہل علاقہ کے زد و کوب سے ہلاک ہوگیا۔

اسی روز سہراب گوٹھ پنجاب بس اڈے کے قریب موٹرسائیکل چھیننے کے دوران نوجوان حاشر کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

6 مارچ کو فیروزآباد میں پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں نجی سیکورٹی گارڈ سے جینے کا حق چھین لیا جب کہ 17 مارچ کو کورنگی پولٹری فارم کے مالک سے 25 لاکھ روپے کے دوران مزاحمت پر نجی سیکیورٹی گارڈ امیر احمد عرف عمران کی جان لے لی۔

کارٹون

کارٹون : 25 مارچ 2025
کارٹون : 24 مارچ 2025