• KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:01pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:31pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 4:36pm
  • KHI: Zuhr 12:39pm Asr 5:01pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 4:31pm
  • ISB: Zuhr 12:15pm Asr 4:36pm

پھل، سبزیاں اور دودھ ’ٹینائٹس‘ سے بچانے میں مددگار

شائع March 19, 2025
— فوٹو: کریٹیو کامنز
— فوٹو: کریٹیو کامنز

ایک طویل تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف اقسام کے پھل اور سبزیوں سمیت دودھ اور دودھ سے بنی غذاؤں کے متواتر استعمال سے ’ٹینائٹس‘ (Tinnitus) کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

’ٹینائٹس‘ کانوں سے مسلسل شور کی آوازیں آنے یا گھنٹیوں کے بجنے کے مسئلے کوکہا جاتا ہے اور اس کا سامنا دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں کو ہوتا ہے۔

’ٹینائٹس‘ (Tinnitus) کوئی بڑی بیماری نہیں بلکہ ایک شکایت یا علامت ہے جو عام طور پر جسم میں دوسرے مسائل کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔

’ٹینائٹس‘ میں مبتلا ہونے والے افراد کو کانوں میں شور، گھنٹیوں بجنے، عجیب آواز کے گونجنے، کسی کے ہنسنے، پردوں کی طرح چہچہانے سمیت دیگر طرح کی آوازیں سننے کا احساس ہوتا ہے۔

اگرچہ اس کا کوئی مستند علاج دستیاب نہیں، تاہم ماہرین مختلف ادویات سے اس کا علاج کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور بعض مرتبہ ٹینائٹس ازخود کچھ عرصے بعد بہتر غذا اور طرز زندگی کی وجہ سے ختم ہوجاتا ہے۔

تاہم اب ماہرین نے تحقیق کے دوران پایا کہ مختلف پھلوں اور سبزیوں سمیت دودھ اور فائبر پر مشتمل غذائیں کھانے سے ٹینائٹس ہونے کے امکانات کو کم کیا جا سکتا ہے۔

طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے ٹینائٹس سے متعلق ہونے والی مختلف تحقیقات میں 30 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔

ماہرین نے تمام رضاکاروں کی جانب سے استعمال کی جانے والی غذاؤں کو بھی دیکھا اور پھر ان سے کیے جانے والے سوالنامے بھی دیکھے۔

ماہرین نے پایا کہ جن افراد نے پھلوں، سبزیوں اور دودھ سمیت دودھ سے بنی غذاؤں کا زیادہ استعمال کیا تھا، ان افراد میں کانوں میں گھنٹیاں بجنے کے مسائل ہونے کے امکانات 35 فیصد تک کم تھے۔

ماہرین کے مطابق تحقیق سے یہ ثابت نہیں ہوا کہ پھل، سبزیاں اور دودھ سے بنی غذائیں ٹینائٹس کا علاج بھی ہوسکتی ہیں، تاہم ایسی غذاؤں کے متواتر استعمال سے کانوں میں شور اور گھنٹیاں بجنے کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ٹینائٹس ہونے کی متعدد وجوہات ہو سکتی ہیں، جن میں کانوں میں ریشہ جمع ہونے سے ان کا بند ہوجانا، کانوں کے پردوں میں انفیکشن ہوجانا، کانوں کے اندر موجود ہڈی میں سوزش یا انفیکشن ہونا، کانوں میں ہوا کے دباؤ میں رکاوٹ، سر یا گردن پر چوٹ لگنا یا پھر کسی بیماری کی وجہ سے مسلسل ہائی ڈوز اینٹی بائیوٹک ادویات کا استعمال بھی ہوسکتا ہے۔

عام طور پر ٹینائٹس کو ڈپریشن، ہائی بلڈ پریشر اور پریشانی سے بھی جوڑا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 مارچ 2025
کارٹون : 21 مارچ 2025