راولپنڈی پولیس کا ایکشن، غیر ملکیوں کو اغوا کرنے والے 3 مشتبہ اغواکار گرفتار
راولپنڈی پولیس نے ایک آپریشن کے دوران 3 مشتبہ اغواکاروں کو گرفتار کر کے 3 افغان شہریوں کو بازیاب کرا لیا۔
غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق راولپنڈی پولیس ترجمان نے بتایا کہ بازیاب ہونے والے تینوں غیر ملکی تھے، جن میں ایک افغان خاتون اور اس کے دو بیٹے شامل ہیں، صدر واہ پولیس نے اغوا کے 24 گھنٹوں کے اندر انہیں بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان نے مبینہ طور پر یورپی ملک کا ویزا دینے کے بہانے افغانستان سے دعوت دے کر اہل خانہ کو یہاں بلوانے کے بعد اغوا کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری اور مغوی افراد کی بحفاظت بازیابی کا حکم دیا۔
بعد ازاں، مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے پوٹھوہار کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جب کہ آپریشن کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج، اے آئی اور دیگر تکنیکی طریقوں کی مدد سے مشتبہ افراد کا سراغ لگایا گیا اور ایپ کا استعمال کیا گیا۔
سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ ملزمان پر ٹھوس شواہد کے ساتھ فرد جرم عائد کی جائے گی اور انہیں مثالی سزا دی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں اسلام آباد میں سوئس سفارت خانے کے ایک ملازم اور دیگر 5 افراد کو لوٹ کر 6 گھنٹے تک یرغمال بنایا گیا تھا اور انہیں آٹومیٹڈ ٹیلر مشین سے مزید رقم لانے پر مجبور کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق گولڑہ تھانے کی حدود میں شاہ اللہ دتہ کے قریب ایک غیر ملکی خاتون اور 5 پاکستانی ساتھیوں نے گاڑیاں کھڑی کیں اور ٹیکسلا کی حدود میں واقع اسٹوپا کی طرف موٹر سائیکل پر روانہ ہوئے۔
فروری 2021 میں لاہور میں ریس کورس پولیس نے دو غیر ملکیوں کو مبینہ طور پر 30 کروڑ روپے تاوان کے لیے اغوا کرنے کے الزام میں 2 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
ایف آئی آر میں نامزد ملزمان نے سوئس شہری اسٹیفن ایرہارٹ اور جرمنی سے تعلق رکھنے والے میگرون ماریا سپاری سے ایک کروڑ 4 لاکھ روپے بٹور کر اس شرط پر رہا کیا کہ وہ جلد بقیہ رقم کا انتظام کریں گے۔